وزیر اعظم دو روزہ سرکاری دورے پر کل تاجکستان روانہ ہونگے

دوشنبے میں دونوںممالک دوطرفہ تعلقات اقتصادی تعاون پر بات چیت کریں گے، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی کے شعبوں میں تعاون اور علاقائی رابطوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جائے گی

منگل 4 جولائی 2017 12:01

وزیر اعظم دو روزہ سرکاری دورے پر  کل تاجکستان  روانہ ہونگے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 جولائی2017ء)وزیر اعظم محمد نواز شریف کل تاجکستان کے دو روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہونگے ،دوشنبے میں دونوںممالک دوطرفہ تعلقات اقتصادی تعاون سے متعلق امور پر بات چیت کریں گے، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی کے شعبوں میں تعاون اور علاقائی رابطوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد نوازشریف تاجکستان کے صدر امام علی رحمانوف کی دعوت پر اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ (آج)سے تاجکستان کا دو روزہ سرکاری دورہ کریں گے ۔

دوشنبے میں دونوں ملکوں کے رہنما دوطرفہ تعلقات اقتصادی تعاون سے متعلق امور پر بات چیت کریں گے جن میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی کے شعبوں میں تعاون اور علاقائی رابطوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

(جاری ہے)

فریقین باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی معاملات خصوصا پاکستان کی پرامن ہمسائیگی کی پالیسی پر بھی تبادلہ خیال کریں گے ۔دورے کے دوران علاقائی سا لمیت کے لئے تذویراتی شراکت داری کی شاہراہ پر سفر کے عنوان سے ایک مشترکہ اعلامیے پر دستخط بھی کئے جائیں گے ۔

وزیراعظم کے دورے کے موقع پر مشترکہ تجارتی کونسل کااجلاس بھی ہوگا جس میں دوطرفہ تجارتی اور کاروباری تعلقات کے فروغ سے متعلق اقدامات پر غور کیا جائے گا۔تاجکستانCASA-1000 منصوبے کے رکن ملکوں کے سربراہ اجلاس کی میزبانی بھی کررہا ہے جس میں افغانستان، کرغزستان، پاکستان اور تاجکستان شرکت کریں گے ۔اس منصوبے کا مقصد تاجکستان ،افغانستان اور پاکستا ن کے درمیان توانائی راہداری اور زمینی رابطوں کو فروغ دینا ہے، منصوبے کے تحت تاجکستان ور ازبکستان افغانستان اور پاکستان کو بجلی بھی فراہم کریں گے ۔وزیراعظم کے دورے کے موقع پر پاکستان افغانستان اورتاجکستان کا سہ فریقی اجلاس بھی ہوگا جس میں باہمی دلچسپی کے علاقائی امور پر غور کیا جائے گا۔