لیاری کے کھلاڑیوں کے اعزاز میں گورنر ہائوس میں تقریب کا انعقاد

گورنر سندھ نے کھلاڑیوں کیساتھ ظہرانہ کیا ،انعامات دیئے ،کھلاڑیوں کی تعریف لیاری میں ایک بار پھر کھیلوں کی سرگرمیوں میں اضافہ خوش آئند ہے ، گورنر سندھ کا تقریب سے خطاب

جمعہ 7 جولائی 2017 23:32

لیاری کے کھلاڑیوں کے اعزاز میں گورنر ہائوس میں تقریب کا انعقاد
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جولائی2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ صحت مند سرگرمیوں سے معاشرہ پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں ، کھیلوں کے فروغ سے دنیا میں ملک و قوم کا نام روشن اور نوجوان نسل کو منفی سرگرمیوں سے بچایا جا سکتا ہے ، لیاری فٹبال ، باکسنگ، باڈی بلڈنگ اور سائیکلنگ کے کھیلوں سے پہچانا جانے والا کراچی کا معروف علاقہ رہا ہے چند برس سے لیاری میں جرائم پیشہ عناصر کی منفی سرگرمیوں سے اس علاقہ کا امیج متاثر ہوا ، امن و امان کے قیام کے بعد ایک بار پھر لیاری میں کھیلوں کی سرگرمیوں میں اضافہ ہور ہا ہے جو کہ خوش آئند ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں لیاری سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کے اعزاز میں ظہرانہ اور انعامات کی تقسیم کی تقریب سے خطاب میں کیا ۔

(جاری ہے)

تقریب میں راجہ سعید احمد ، لیاری فٹبال ایسوسی ایشن کے چیئر مین ناصر کریم ، صدر جمیل احمد اور دیگر شریک تھے ۔ تقریب میں گورنر سندھ نے نامور فٹبالرز سبی چیمپئن شپ کے گولڈ میڈلسٹ کیپٹن شیر محمد ،نیشنل چیمپئن شپ کے فاتح کپتان اعجاز کارا،حبیب بنک کے سابق کپتال فضل رحمن ، ماضی کے شہرت یافتہ کھلاڑی امان اللہ ، سابق کپتان سندھ گورنمنٹ پریس محمد سعید ، گولڈ میڈلسٹ باکسر مہر اللہ اور ایشیئن چیمپئن شپ کے گولڈ میڈلسٹ علی بخش ، باڈی بلڈنگ میں مسٹر سائوتھ ایشیاء اور مسٹر پاکستان فدا حسین اورقومی سائیکلنگ چیمپئن نظر محمد کو نقد انعامات دیئے۔

تقریب سے خطاب میں گورنرسندھ نے کہا کہ کھلاڑی اصل ہیرو ہوتے ہیں عوام انھیں دیکھتے ہیں اور ان جیسا بننا چاہتے ہیں لوگ اپنے ہیروز کی نقل کرنے میں فخر کرتے ہیں ہمیں ان ہیروز کے لئے بہت کچھ کرنا ہے ،کھلاڑیوں کی بھرپو ر حوصلہ افزائی بہت ضروری ہے ، لیاری کے کھلاڑیوں کے لئے ملازمتوں کے ضمن میں متعلقہ اداروں سے رابطہ کیا جائے گا۔ تقریب میں گورنر سندھ کو بتایا گیا کہ لیاری میں 142 فٹبال کلب ،13 باکسنگ کلب اور سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے دفاتر قائم ہیں جہاں نوجوانوں کی بڑی تعداد ہر وقت موجود رہتی ہے ، امن و امان کے قیام کے بعد نوجوان تیزی سے کھیلوں کی مثبت سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں علاقہ میں رات گئے تک کھیلوں کی سرگرمیاں جاری رہتی ہیں ۔

گورنر سندھ نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیوں میں اضافہ سے معاشرہ پر اچھے اثرات مرتب ہوتے ہیں ، لیاری سے ایک بار پھر قومی سطح کے کھلاڑی تیار کئے جائیں تاکہ عالمی مقابلوں میں ان کی شرکت یقینی بنائی جاسکے ، میری ذاتی خواہش ہے کہ فٹبال ، باکسنگ اور سائیکلنگ کے عالمی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی لیاری سے ہوسکے اس ضمن میں حکومت ہر ممکن وسائل فراہم کرے گی ۔

متعلقہ عنوان :