کراچی:مہاجر قومی موومنٹ نے 23جولائی کو بیت الحمزہ گرائونڈ میں ہونے والے جلسے کے حوالے سے عوامی رابطہ مہم شروع کردی

جمعہ 14 جولائی 2017 22:55

کراچی:مہاجر قومی موومنٹ نے 23جولائی کو بیت الحمزہ گرائونڈ میں ہونے والے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جولائی2017ء)مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان ) کی جا نب سے 23جولائی کو بیت الحمزہ گرائونڈ میں ہونے والے جلسے کے حوالے سے عوامی رابطہ مہم شروع کردی گئی ۔عوامی رابطہ مہم کا آغاز سیکریٹری جنرل شاہد فراز نے لانڈھی کے مختلف علاقوں میں کتابچہ تقسیم کرکے کیا ۔ اس موقع پر عوام سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد فراز نے کہا کہ مہاجر قوم کو تقسیم کرنے کی تمام تر سازشیں خاک میں مل چکی ہیں ،قوم ایک بار پھر ناصرف متحد ہوچکی ہے بلکہ 23جولائی کو ہونے والا جلسہ عام اس حوالے سے سنگ میل ثابت ہوگا ۔

شاہد فراز نے کہا کہ مہاجر قوم کے خلاف زہر افشانی کرنے والوں کی اوقات دنیا جانتی ہے ، زمانے بھر کے ٹھکرائے اور کرپشن کی گندگی میں لتھڑے لوگوں کو جواب دے کر وقت ضائع نہیں کریں گے ۔

(جاری ہے)

شاہد فراز نے کہا کہ مہاجر قومی موومنٹ کوسیاسی پوائنٹ اسکورنگ سے دلچسپی ہے نہ پارلیمانی سیاست کی فکر ،ہمارا مقصد صرف اپنی قوم کو متحد اور منظم کرنا ہے جس کا پہلا مظاہرہ 19مئی کو آرسی ڈی گرائونڈ میں خواتین جلسے کی کامیابی کی صورت کیا گیا اور دوسری بار طاقت ان شاء اللہ 23جولائی کو بیت الحمزہ گرائونڈ میں دکھائیں گے۔

شاہد فراز نے کہا کہ چیئرمین آفاق احمد کو لانڈھی ،کورنگی ،ملیر ، شاہ فیصل اور لائنز ایریا تک محدود کرنے والوں کی تمام تر سازشیں ناکام ہوچکی ہیں ،23جولائی کو بیت الحمزہ گرائونڈ میں کامیاب جلسے کے بعد شاہراہ قائدین پر بھی مہاجر عوام کا سمندر موجود ہوگا اسکے بعد مہاجروں کے خلاف بکواس کرنے والوں سے پوچھیں گے کہ مہاجر ختم ہوئے یا انکی سیاست کا بوریا بستر گول ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوامی رابطہ مہم میں عوام جس جوش و خروش کا مظاہرہ کررہے ہیں وہ مہاجر نظریہ کی کامیابی ہے ، مہاجر قوم ایک تھی،ایک ہے اور ہمیشہ ایک ہی رہے گی ۔ #