بھارت کشمیرمیں جاری مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹانے کیلئے ایل او سی پر آئے دن فائرنگ کر رہا ہے،حافظ عبدالغفارروپڑی

انڈیا اٹوٹ انگ کی رٹ چھوڑ کر کشمیر سے فوج نکالے اور ان کا حق خودارادیت دے،سرائیلی طرز پر کشمیریوں کی نسل کشی پر خاموشی درست نہیں، اسرائیلی فورسز کی طرف سے مسجد اقصیٰ کو بند کرنا امت مسلمہ کیلئے لمحہ فکریہ ہے،جماعت اہلحدیث پاکستان کے امیر حافظ عبدالغفارروپڑی کا اجلاس سے خطاب

اتوار 16 جولائی 2017 18:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 جولائی2017ء) جماعت اہلحدیث پاکستان کے امیر حافظ عبدالغفارروپڑی نے کہا ہے کہ بھارت کشمیرمیں جاری مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹانے کیلئے کنٹرول لائن پر آئے دن فائرنگ کر رہا ہے،انڈیا اٹوٹ انگ کی رٹ چھوڑ کر کشمیر سے فوج نکالے اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دے۔ اسرائیلی طرز پر کشمیریوں کی نسل کشی پر خاموشی درست نہیں، اسرائیلی فورسز کی طرف سے مسجد اقصیٰ کو بند کرنا امت مسلمہ کیلئے لمحہ فکریہ ہے ، اسلامی سر براہی کانفرنس عرب لیگ ، عالمی دنیا اسرائیلی جارحیت کے خلاف فوری اقدامات کریں، کشمیریوں کی ٹھریک کے سرگرم رہنما وقائد حافظ سعید کو فی الفور رہا کیا جائے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز لاہور کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر حافظ عبدالوھاب روُری، مولانا شکیل الرحمن ناصر، حافظ عبدالوحید شاہد روپڑی سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

حافظ عبدالغفارروپڑی نے مزید کہا کہ قطر اور عرب ممالک کے اختلافات سے شام اور فلسطین کے مسائل میں اضافہ ہوا ہے ، عالمی دنیا اور مسلم دنیا کی توجہ فلسطین اور شام کے مسئلہ سے ہٹ گئی ہے ، قطر اور عرب ممالک کو فوری طور پر مذاکرات کے ذریعے مسائل کو حل کرنا چاہیے اور قطر کی حکومت کو چاہیے کہ وہ خلیج تعاون کونسل اور عرب ممالک کے ساتھ کیے گئے وعدوں کے معاملات پر عرب ممالک کو گفتگو کے ذریعے قائل کرے۔