نواز شریف پہلے استعفیٰ دے دیتے تو اتنی جگ ہنسائی نہ ہوتی: مخدوم سید احمد محمود

عدلیہ کے تاریخی فیصلہ سے ملک کا مستقبل روشن آئین اور قانون کی بالادستی سمیت جمہوریت مزید مضبوط اور مستحکم ہو گی ،بیان

جمعہ 28 جولائی 2017 19:27

نواز شریف پہلے استعفیٰ دے دیتے تو اتنی جگ ہنسائی نہ ہوتی: مخدوم سید ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 جولائی2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے سپریم کورٹ کے تاریخی فیصلے پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا پاکستان کی عدلیہ نے ایک تاریخی فیصلہ سے ملک کا مستقبل روشن آئین اور قانون کی بالادستی سمیت جمہوری ادارے اور جمہوریت مزید مضبوط اور مستحکم ہو گی یہ بات انہوں نے پارٹی کی فیڈرل کونسل اور منشور کمیٹی کے رکن عبدلقادر شاہین اور میڈیا کوارڈینیٹر جنوبی پنجاب محمد سلیم مغل کے ہمراہ میڈیا آفس سے جاری بیان میں کہی کہ فوج میڈیا اور عدلیہ کو متناعہ بنا کر ذاتی مقاصد کے حصول کے لیے اقتدار پر قابض ہونے والے شریف برادران کسی کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے۔

سیاسی انتقامی بنیادوں پر پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنان سمیت مخالفین کے خلاف بے بنیاد پراپیگنڈہ جعلی مقدماات اور ریفرنسز بنانے والے آج اپنی ہی حکومت میں اس کا شکار اور ہمیشہ کے لیے نا اہل ہو گئے۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ اور جے آئی ٹی نے گزشتہ چار دہائیوں سے حکومت میں رہنے والے شریف خاندان کی کرپشن اور ذاتی دولت میں بے پناہ اضافہ کے حقائق کو قوم کے سامنے عیاں کرکے انکااصل چہرہ سب کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے۔

بہتر تھا کہ نواز شریف پہلے استعفیٰ دے دیتے تو اتنی جگ ہنسائی نہ ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ اگر شہباز شریف کے پنجاب منصوبوں پر جے آئی ٹی بنائی گئی تو قوم پاناما لیکس بھول جائیگی کہ اورنج لائن، میٹروبس، پاورپروجیکٹس ، سستی روٹی، لیپ ٹاپ، ڈانش اسکول، آشیانہ ہائوسنگ سمیت ہر اسکیم اور منصوبے میں اربوں کی کمیشن کھائی گئی قومی خزانے اور ملک و قوم کو کس قدر نقصان اور مقروض کیا گیاانہوں نے کہا جمہوری اقدار کی مضبوطی کے لیے آزاد کمیشن درکار ہے۔

ملک میں آئندہ شفاف انتخابات کی روایات بنانی ہو گی تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر الیکٹورل ریفارمز لانا ہونگی تا کہ آئندہ الیکشن میں دھاندلی کا الزام نہ لگایا جا سکے۔ سپریم کورٹ کا فیصلہ جمہوریت کو مضبوطی فراہم کریگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب کے حقوق کی آواز صرف اور صرف پیپلز پارٹی ہی بلند کر سکتی ہے کیونکہ اس خطے کی آواز نہ تو ن لیگ نے بلند کی ہے اور نہ ہی تحریک انصاف کر سکتی ہے پیپلز پارٹی انشاء اللہ جنوبی پنجاب کے عوام کے حقوق کی بحالی کی جدوجہد جاری رکھے گی۔

متعلقہ عنوان :