شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور میں مختلف فیکلٹیوں کے ڈین صاحبان کا اجلاس

پیر 31 جولائی 2017 22:46

سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2017ء) شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور میں مختلف فیکلٹیوں کے ڈین صاحبان کا اجلاس وائیس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ اس موقع پر شرکائے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ نے کہا کہ معیاری تعلیم کے فروغ اور فیصلہ سازی میں ڈین کا کردار نہایت کلیدی ہوتا ہے۔

ڈین تدریسی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ طویل گفت و شنید کے بعد مختلف فیصلے کیئے گئے۔ اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ موسم گرما کی تعطیلات کے دوران نوجوانوں کی بھلائی کیلئے سمر کورسز شروع کیئے جائیں گے۔ سالانہ امتحانات میںملحقہ کالجوں میں نقل کی روک تھام کیلئے اقدامات کیئے جائیں گے۔ انسپکشن ٹیم کی رپورٹ کے مطابق نقل کا شکار سینٹرز کو کینسل کردیا جائے گا۔

(جاری ہے)

سالانہ امتحانات کے بہتر انعقاد کیلئے امتحانات سے پہلے ملحقہ کالجوں اور ضلعی انتظامیہ سے میٹنگ کی جائیگی۔ اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ یونیورسٹی میں سیمسٹر سسٹم میں سینئر فیکلٹی ممبرز بی ایس اور ماسٹرز کی کلاسیں لیں گے۔ اس کے علاوہ طلبہ و طالبات کی انگریزی بہتر بنانے کیلئے شعبہ انگریزی میں خصوصی کلاسیں بھی چلائی جائیں گی۔ ڈسٹنس ایجوکیشن پروگرام کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔ افیلیشن کمیٹی ملحقہ کالجوں کے دورے بھی کرے گی۔ اس کے علاوہ دوسرے سیمیسٹر میں طلبہ و طالبات کی غیر معمولی حاضری یقینی بنائی جائے گی۔