گورنمنٹ سینیٹینیل ماڈل ہائیر سکینڈری سکول نمبر1 ہری پور میں یوم آزادی کی تیاریاں زور و شور سے جاری

بدھ 9 اگست 2017 13:26

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2017ء) گورنمنٹ سینیٹینیل ماڈل ہائیر سکینڈری سکول نمبر1 ہری پور میں یوم آزادی کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ ضلعی تعلیمی افسر عمر خان کنڈی کی خصوصی ہدایت پر پرنسپل محمد جمیل خان کی زیرسرپرستی سکول کے انتظامی امور کے روح رواں شیخ واجد حسین نے انتظامات کو حتمی شکل دینا شروع کر دی۔

اساتذہ کرام کو ڈیوٹیاں سونپ دی گئیں۔ گرینڈ تقریب 14 اگست کو منعقد ہو گی۔ رہنما تحریک انصاف یوسف ایوب خان مہمان خصوصی جبکہ ضلعی تعلیمی افسر عمر خان کنڈی سمیت دیگر تعلیمی افسران بھی شریک ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق ضلعی تعلیمی افسر ہری پور عمر خان کنڈی کی خصوصی ہدایت پر 14 اگست یوم آزادی کو شایان شان طریقہ سے منانے کیلئے اہم اجلاس میں گورنمنٹ سینیٹینیل ماڈل ہائیر سکینڈری سکول نمبر1 ہری پور میں یوم آزادی تقریبات کو پروقار طور پر منانے کیلئے سربراہ ادارہ محمد جمیل خان کو تیاریوں اور گرینڈ فنکشن کے انعقادکی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ٹی ایم اے ایوب پارک میں پرچم کشائی کی اور قومی ترانہ کے بعد یوم آزادی کی شایان شان اور پاپولر سائنس سمر کیمپ2017ء کی اختتامی تقریب گورنمنٹ سینیٹینیل ماڈل ہائیر سکینڈری سکول نمبر1 ہری پور میں منعقدہو گی، اس ضمن میں سکول مذکور کے اساتذہ کرام کا اہم اجلاس پرنسپل محمد جمیل خان کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں سکول کے انتظامی امور کے روح رواں شیخ واجد حسین نے میڈیا کمیٹی سمیت دیگر کمیٹیوں میں شامل اساتذہ کرام کو پرنسپل محمد جمیل خان کی ہدایت پر ڈیوٹیاں تفویض کیں تا کہ تاریخی تقریب کو صحیح معنوں میں یادگاراورپروقاربنایاجا سکے ۔

محمد جمیل خان نے اپنے خطاب میں اساتذہ کرام پر زور دیا کہ وہ اس تقریب کو کامیاب اور معیاری بنانے میں تفویض شدہ ذمہ داریاں بطریق احسن انجام دیں تاکہ یوم آزادی تقریبات کو تاریخی رنگ میں رنگا جا سکے۔ دریں اثنا شیخ واجد حسین نے کہا کہ یوم آزادی تقریب اور سمر کیمپ کی اختتامی تقریب کیلئے تیاریوں کو تیزی سے حتمی شکل دی جا رہی ہے، اساتذہ کرام کے بھرپور تعاون سے تقریب کو یادگار اور تاریخی بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔