اوپن یونیورسٹی نے’’ خواندگی مرکز برائے بالغاں‘‘قائم کردیا

تعلیم و تربیت واحد راستہ ہے جس سے ہم بہتر پاکستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرسکتے ہیں‘ ڈاکٹر شاہد صدیقی

بدھ 16 اگست 2017 13:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2017ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے اسلام آباد میں واقع اپنے مین کیمپس میں ابتدائی عمر میں سکولنگ سہولتوں سے محروم افراد کے لئے "خواندگی مرکز برائے بالغاں"قائم کردیا ۔ ابتدائی مرحلے میں یونیورسٹی کے ناخواندہ ملازمین اس سہولت سے مستفید ہوسکیں گے۔ سینٹر کا افتتاح کرتے ہوئے وائس چانسلر ،ْ پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہا کہ یہ سینٹرناخواندہ افراد کی بنیادی تعلیمی ضروریات پوری کرنے اور ان کی روزمرہ زندگی کو پرسکون اور آرام دہ بنانے کے لئے ایک ماڈل ادارے کے طور پر کام کرے گا۔

ڈاکٹر شاہد صدیقی نے مزید کہا کہ اس سینٹر کا ایک اور بڑا مقصد یونیورسٹی ملازمین کی پروفیشنل ڈیولپمنٹ ہے تاکہ وہ طلبہ کو بہترین خدمات اور اپنے سرکاری فرائض بہ احسن طریقے سے ادا کرسکیں۔

(جاری ہے)

تعلیم و تربیت کی یہ سہولت بلکل مفت ہوگی۔ وائس چانسلر نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی پاکستان بھر میں ہر طبقے کو ان کی دہلیز پر تعلیمی سہولتیں پہنچا رہی ہے اور تعلیم و تربیت واحد راستہ ہے جس سے ہم بہتر پاکستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرسکتے ہیں۔

بالغاں کا یہ خواندگی مرکزیونیورسٹی کے شعبہ فاصلاتی و غیر رسمی تعلیم کے زیر نگرانی کام کرے گا جس میں سینئر فیکلٹی ممبرز رضاکارانہ طور پر اپنی خدمات وقف کریں گے۔شعبہ کے چئیرمین ،ْ ڈاکٹر محمد اجمل کے مطابق اس سینٹر میں تین تین ماہ کے تربیتی پروگرامز منعقد کئے جائیں گے ہر کورس میں یونیورسٹی کے کم گریڈ 30۔ملازمین کو تربیت دی جائے گی۔وائس چانسلر نے سینٹر کے پہلے تربیتی کورس میں داخل ملازمین میں لرننگ میٹریل پر مشتمل کٹ تقسیم کئے۔افتتاحی اجلاس سے فیکلٹی آف ایجوکیشن کے ڈین ،ْ ڈاکٹر ناصر محمود اور ڈاکٹر افتاب احمد نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :