رینجرزنے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 10 ملزمان کو گرفتار کرلیا

بدھ 16 اگست 2017 23:17

رینجرزنے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 10 ملزمان کو گرفتار ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2017ء) پاکستان رینجرز سندھ نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 10 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ بدھ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ ملزمان مختلف جرائم میں ملوث ہیں ۔ ڈیفنس، سعود آباد اور تیموریہ کے علاقوں مین رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کیا جن میں دو ملزمان عبد الوہاب عرف موٹا اور شہزاد رضا عرف لالی کا تعلق ایم کیو ایم (لندن) سے جبکہ تیسرا ملزم شاہد شریف جس کی سیاسی وابستگی ایم کیو ایم (حقیقی) سے ہے شامل ہیں۔

ملزمان ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری، چندہ اور فطرہ کی وصولی اور پارٹی کے جھنڈے لگانے میں ملوث ہیں۔ اقبال مارکیٹ اور ناظم آباد کے علاقوں میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان فیاض مراد، علی بلوچ اور فراز احمد کو گرفتار کیا جن کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے۔

(جاری ہے)

ملزمان بھتہ خوری، منشیات فروشی اور جرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔

شاہ فیصل کالونی کے علاقے میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم فیصل کو گرفتار کیا۔ ملزم ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے۔ تیموریہ کے علاقے میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم محمد یوسف خان کو گرفتار کیا۔ ملزم موبائل فون اور نقدی چھیننے کے ساتھ ساتھ اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے۔ سعود آباد اور شاہ فیصل کالونی کے علاقوں میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان آدم اور تنویر کو گرفتار کیا۔ ملزمان علاقے میں منشیات فروشی کے کاروبار میں ملوث ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، ایمونیشن، مسروقہ سامان اور منشیات بھی برآمد کرلی گئی۔ ملزمان کو قانونی چارہ جوئی کے لئے پولیس کے حوالے کیا جا رہا ہے۔