کراچی کو خوبصورت شہر میں تبدیل کرنے کے لیے قلیل اور طویل مدتی حکمت عملی پر عمل پیرا ہوں۔ وزیر اعلیٰ سندھ

جمعہ 18 اگست 2017 22:49

کراچی کو خوبصورت شہر میں تبدیل کرنے کے لیے قلیل اور طویل مدتی حکمت عملی ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2017ء) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وہ کراچی شہر کو اس کی سڑکوں کو ترقی دے کر ، پرانی عمارتوں کی بحالی ، اس کے پارکس کو ترقی اور مناسب ٹریفک مینجمنٹ وضع کرکے اسے ایک خوبصورت شہر میں تبدیل کرنے کے لیے قلیل اور طویل المدتی حکمت عملی پر عمل پیرا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ وہ ورلڈ بینک کے فنڈزکے تحت کراچی نیبرہوڈ امپرومنٹ پروجیکٹ شروع کرنے جا رہاہوں،جس سے اس شہر کو ایک نیا پن اور ترقی کا ایک نیا رخ اور امن و خوشحالی کا ایک نیا انداز حاصل ہوگا۔

جمعہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق انہوں نے یہ بات وزیر اعلی ہائوس میں ورلڈ بینک کے تعاون سے کراچی نیبر ہوڈ امپرومنٹ پروجیکٹ (کے این آئی پی)کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں صوبائی وزرا میر ہزار خان بجارانی، جام خان شورو، سید ناصر شاہ، سید سردار شاہ، چیف سیکریٹری رضوان میمن ، چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد وسیم ،پرنسپل سیکریٹری وزیر اعلی سندھ سہیل راجپوت ، سیکریٹری خزانہ حسن نقوی، سیکریٹری ٹرانسپورٹ سعید اعوان، ایڈیشنل آئی جی ٹریفک مشتاق مہر، سیکریٹری بلدیات رمضان اعوان، پی ڈی کے این آئی پی خیر محمد کلوڑ و دیگر نے شرکت کی۔

وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ ورلڈ بینک نے سندھ حکومت کی درخواست پر کراچی سٹی ڈائیگنوسٹک(کے سی ڈی) شروع کیا تاکہ کراچی ٹرانسفارم اسٹرٹیجی(کے ٹی ایس) پرقلیل و طویل المدتی پالیسیوں کے تحت عمل درآمد کے لیے صوبائی حکومت کے ساتھ تعاون کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی ڈی کی لاگت کا تخمینہ کم از کم 10بلین ڈالر ہوگا، جس سے آئندہ 10 سالوں میں شہر کے انفرااسٹرکچر گیپس کو ختم کرنے میں مدد گار ثابت ہوگا۔

چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد وسیم نے کہا کہ قلیل المدتی پالیسی کے تحت ورلڈ بینک کے این آئی پی کے ساتھ شہر کی ہنگامی ضروریات کو پورا کرنے کے حوالے سے تعاون کرے گا ۔اس وقت کے این آئی پی نے ایکنک سے منظوری لینا ہے اور قرضے کے معاہدے پر ورلڈ بینک اور حکومت پہلے ہی دستخط کرچکے ہیں۔ اجلاس میں اس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا کہ علاقے کی مختلف سڑکوں کو یکطرفہ ٹریفک کے لیے بنایا جائیگا تاکہ فٹ پاتوں اور کھلی سرسبز جگہیں بنائی جائے گیں جہاں پر طلبا ، آنے والوں اور علاقے میں رہنے والے افراد کے بیٹھے کے لیے خوبصورت بینچیں تعمیر کی جاسکیں۔

ڈی جے کالج تا کراچی آرٹ کونسل کے علاقے کو بھی اسی طریقے سے ترقی دی جائے گی اور یکطرفہ ٹریفک روٹ ، پارکنگ لاٹس کی تعمیر ،پارکس کی ترقی، وزیٹرز کے لیے بیچوں کے ساتھ کھلی جگہیں،وکٹورین اسٹریٹس لائٹ، اوپن اسپیس کافی شاپس ، بک اسٹال وغیرہ بنائے جائیں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ سڑکوں کے ساتھ پارکنگ پر سختی کے ساتھ پابندی عائد کی جائے گی اور مکمل علاقے کا سی سی ٹی وی کیمروں کے ساتھ احاطہ کیاجائے گا۔

متعلقہ عنوان :