شہباز شریف ملک میں ہوں یا باہر، روانی سے غلط بیانی کے ماہر ہیں، چوہدری پرویز الٰہی

ہیلتھ سیکٹرکا10 سالوں میں بیڑہ غرق کرکے روڈ شو میں جھوٹ بولنے سے ترقی ظاہر نہیں ہوتی،لودھراں سے سابق ایم پی اے اجمل جوئیہ کی قیادت میں وفد سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 11 ستمبر 2017 16:45

شہباز شریف ملک میں ہوں یا باہر، روانی سے غلط بیانی کے ماہر ہیں، چوہدری ..
لاہور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11ستمبر2017ء ) : مسلم لیگ (ق) کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ 10سال میں ہیلتھ سیکٹر کا بیڑہ غرق کر کے روڈ شو میں جھوٹ بولنے سے ترقی ظاہر نہیں ہوتی۔ وہ لودھراں سے سابق ایم پی اے ملک اجمل خاں جوئیہ کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر مرکزی سیکرٹری جنرل طارق بشیر چیمہ ایم این اے، ملک مرید عباس بپی، عاشق محمد خان، عالم گجر اور نادر دوگل ایڈووکیٹ بھی موجود تھے۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ شہبازشریف نہ صرف پاکستان کے اندر بلکہ باہر بھی بڑی روانی سے غلط بیانی کے ماہر ہیں، صحت کے شعبہ میں ان کا ایک تاریخی اور ریکارڈ کام سرکاری ہسپتالوں کے فرشوں اور وارڈز کے دروازوں پر پڑے غریب مریضوں کی کسمپرسی میں موت اور ایک ہی بیڈ پر مُردوں کے ساتھ مریض اور تین تین مریض اکٹھے لٹانا ہے، انہیں یہ بھی پتہ چل گیا ہے کہ عوام کی خدمت ان کا مقصد ہے اور نہ ان کے بس کی بات، یہ صرف جھوٹے دعوے کر سکتے ہیں اور عوام کو سبز باغ دکھا سکتے ہیں، سرکاری ہسپتال جہاں ہمارے دور میں ایمرجنسی میں پہنچتے ہی مریض کا بہترین ادویات سے فری علاج شروع ہو جاتا تھا ہر قسم کا ٹیسٹ فری ہوتا تھا اور دل کے مریضوں کو ہزاروں روپے مالیت کا انجکشن فری لگایا جاتا تھا وہاں جانے والے مریض کو اب بیڈ بھی نہیں ملتا، ادویات میسر ہیں نہ فری ٹیسٹ کی سہولتیں اور وہ انہیں جھولیاں پھیلا کر بددعائیں دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

ملک اجمل جوئیہ نے کہا کہ پنجاب میں غریب اور عام آدمی کی خدمت اور فلاح و بہبود کے تاریخی کام صرف چودھری پرویزالٰہی کے دور میں ہوئے اور لوگ آج بھی ان کے دور کو یاد کرتے ہیں۔