صدارتی ایوارڈ یافتہ اداکار افتخار قیصر انتقال کرگئے

افتخار قیصر گزشتہ چند دنوں سے لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاورمیں زیرعلاج تھے

اتوار 17 ستمبر 2017 11:40

صدارتی ایوارڈ یافتہ اداکار افتخار قیصر انتقال کرگئے
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2017ء) پاکستان ٹیلی ویژن پر چالیس سال تک اداکاری کے جوہر دکھانے والے صدارتی ایوارڈ یافتہ اداکار افتخار قیصر انتقال کرگئے۔ افتخار قیصر شدید علالت کے باعث گزشتہ چند روز سے پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال میں زیر علاج تھے، وہ برین ٹیومر کی بیماری میں مبتلا تھے جب کہ ان کے جگر نے بھی کام کرنا بند کردیا تھا ان کے بیٹے حاجب حسنین کے مطابق وہ ذیابیطس اور بلڈ پریشر کی بیماری میں بھی مبتلا تھے۔

چند روز قبل ملک کے نامور اداکار اور شاعر افتخار قیصر کو انتہائی تشویشناک حالت میں پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال لایا گیا تھاجہاں وہ تقریباً 12 گھنٹوں تک بے یارو مددگار پڑے رہے تھے ایمرجنسی وارڈ میں موجود ڈاکٹرز نے یہ کہہ کر ان کا علاج کرنے سے انکار کردیا تھا کہ سینئر ڈاکٹرز کی غیر موجودگی میں وہ ان کا علاج نہیں کرسکتے ، سوشل میڈیا پر اسٹریچر پر بے ہوش پڑے افتخار قیصر کی ویڈیو وائرل ہونے اور میڈیا پر ان کی بیماری کی اطلاع آنے کے بعد اسپتال انتظامیہ نے ان کا علاج شروع کیا جب کہ صوبائی وزرا نے بھی ذرائع ابلاغ پر خبر نشر ہونے کے بعد نوٹس لیابعد ازاں انہیں آئی سی یو میں منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری تھا۔

(جاری ہے)

افتخار قیصر کے بیٹے حاجب حسنین نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت کی بے توجہی کے باعث ان کے ساتھ بہت ناروا سلوک کیا گیا ان کے والد ملک کے ناموراداکار ہیں اور اسپتال انتظامیہ نے انہیں کھلے آسمان تلے اسٹریچر پر بے یارو مددگار ڈال دیا، انہوں نے حکومت سے مدد کی درخواست کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ لوگ مہنگے علاج کی استطاعت نہیں رکھتے لہٰذا ان کی مدد کی جائے۔

واضح رہے کہ صدارتی ایوارڈ یافتہ اداکار افتخار قیصر پاکستان ٹیلی ویژن پشاور سینٹر پر اپنا مقبول پروگرام ہندکو زبان میں پیش کرتے تھے، ان کا پروگرام’’اب میں بولوں کہ نہ بولوں‘‘ انتہائی مقبول تھا، اس کے علاوہ انہوں نے پاکستان ٹیلی ویژن کے پروگرام ’’حرفیوں‘‘ اور’’مخصوص مکالمے‘‘ سے بھی ملک گیر شہرت حاصل کی تھی۔