پنجاب میں کل نجی وسرکاری سکول معمول کے مطابق کھلیں گے، وزیرتعلیم پنجاب

احتجاج کے باعث کل بروز منگل کو سکولوں کی بندش سے متعلق خبریں افواہیں ہیں

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 13 اکتوبر 2025 20:49

پنجاب میں کل نجی وسرکاری سکول معمول کے مطابق کھلیں گے، وزیرتعلیم پنجاب
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 13 اکتوبر 2025 ) پنجاب میں کل نجی وسرکاری سکول معمول کے مطابق کھلیں گے، احتجاج کے باعث کل بروز منگل کو سکولوں کی بندش سے متعلق خبریں افواہیں ہیں۔ وزیرتعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں کہا کہ حکومت پنجاب کی واضح ہدایات کے تحت کل بروز منگل کو پنجاب بھر کے تمام نجی و سرکاری سکولوں میں تعلیمی سلسلہ معمول کے مطابق جاری رہے گا۔

یاد رہے ٹی ایل پی کے احتجاج کے باعث خبریں گردش کررہی ہیں کہ امن وامان کی صورتحال ، راستے اور سڑکیں بلاک ہونے کے باعث کل سکول بند رہیں گے۔ لیکن اب وزیرتعلیم کا ٹویٹ آیا ہے جس کے تحت کل بروز منگل کو تمام سکول معمول کے مطابق کھلیں گے۔ یاد رہے پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں ٹی ایل پی کے ممکنہ احتجاج کے پیش نظر شہر کے تعلیمی اداروں کو آج وقت سے پہلے بند کردیا گیا ہے جبکہ دوپہر کے بعد شہرکی مرکزی شاہراﺅں کو بھی بند کیئے جانے کی اطلاعات ہیں تاہم سٹی ٹریفک پولیس کی جانب سے ابھی تک اس سلسلے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا. اطلاعات کے مطابق جی ٹی روڈ پر مریدکے کے قریب ٹی ایل پی کے مرکزی قافلے کو منتشرکیئے جانے کے بعد تنظیم کے کارکناں کو ملتان روڈ پر واقع ٹی ایل پی کے مرکزمیں جمع ہونے کی ہدایات جاری کی گئیں تھیں صوبائی حکومت کی جانب سے شہر میں دفعہ 144نافذ ہے اور پارٹی کے مرکزکے گرد ونواح میں کئی کلومیٹرتک کا علاقہ جمعہ کے روز سے سیل ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب مریدکے میں پولیس نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے لانگ مارچ کے خلاف آپریشن مکمل کر لیا جبکہ مظاہرین کی فائرنگ سے ایس ایچ او فیکٹری ایریا شہزاد جھومڑ شہید ہوگئے سیکیورٹی اداروں نے ٹی ایل پی کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے تمام کارکنان کو منتشر کرکے جی ٹی روڈ کو خالی کروا لیا تاہم ممکنہ احتجاج کے پیش نظرصوبائی دارالحکومت لاہور کی مرکزی شاہراﺅں کو آج دوپہر کے بعد بند کردیا گیا. سیکیورٹی اداروں نے پورے جی ٹی روڈ کا مکمل کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔

اسی طرح احتجاج کی وجہ سے جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد کے مابین چلنے والی میڑو بس سروس مسلسل چوتھے روز بھی بند رہی میڑو بس سروس کو 9 اکتوبر کی شام 5 بجے بند کیا گیا تھا. دفاتر و تعلیمی ادارے کھلنے و کاروباری سرگرمیاں بحال ہونے کے بعد میڑو بس سروس بند ہونے سے شہریوں کو سفری مشکلات کا سامنا ہے انتظامیہ میڑو بس اتھارٹی کے مطابق ابھی تک انتظامیہ کی جانب سے میڑو بس سروس کھولنے کے حوالے سے کوئی ہدایت نہیں ملی، جیسے ہی انتظامیہ کی جانب سے کلیئرینس ملے گی میڑو بس سروس کو بحال کر دیا جائے گا۔