شزافاطمہ خواجہ نے دبئی میں جیٹکس گلوبل 2025 میں پاکستان پویلین نے افتتاح کردیا

پیر 13 اکتوبر 2025 20:08

شزافاطمہ خواجہ نے دبئی میں جیٹکس گلوبل 2025 میں پاکستان پویلین نے افتتاح ..
دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2025ء) دبئی میں جیٹکس گلوبل 2025 میں پاکستان پویلین کا افتتاح کردیا گیا،وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن نی10 مقامی سٹارٹ اپس کی شرکت کو یقینی بنایا۔پیر کووزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن سے جاری بیان کے مطابق جیٹکس گلوبل 2025 میں پاکستان کے ٹیک ڈیسٹینیشن پویلین کاباضابطہ افتتاح میں ہوا جو ملک کی عالمی ٹیکنالوجی ہب کے طور پر عروج کا ایک مضبوط تسلسل ہے۔

وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے پویلین کا افتتاح کیا جن کے ہمراہ وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کے ایڈیشنل سیکرٹری اور سی ای او اگنائٹ، پاکستان کے سفیر برائے متحدہ عرب امارات فیصل ترمذی ، سپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی )بریگیڈیئرنادر، پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ (پی ایس ای بی ) کے سی ای او ابو بکر، نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (این آئی ٹی بی ) کے سی ای او فیصل رتیال اور P@SHA کے چیئرمین سید سجاد موجود تھے۔

(جاری ہے)

تقریب میں صنعت کے رہنما، بین الاقوامی سرمایہ کار اور عالمی میڈیا نے شرکت کی۔یہ پویلین بی 2 بی ملاقاتوں، سرمایہ کاری کے نیٹ ورکنگ، شراکت داری کے اعلانات اور سٹارٹ اپس کی نمائش کے لئے ایک مرکزی سینٹر کے طور پر کام کرتا ہے جو بین الاقوامی تعاون کے لئے ایک متحرک پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ وزیٹرز یہاں لائیو ڈیموز، ٹیکنالوجی کی انوویشن اور بزنس میچ میکنگ سیشنز کا تجربہ کر سکتے ہیں جس کا مقصد پاکستان کے عالمی ٹیکنالوجی تجارتی اثرورسوخ کو مضبوط کرنا ہے۔

وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر کے بڑھتے ہوئے عالمی اثرورسوخ کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی جیٹیکس گلوبل 2025 میں موجودگی ہمارے اعتماد، صلاحیت اور ڈیجیٹل طور پر مستحکم مستقبل کے عزم کی عکاس ہے جو وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت اور ڈیجیٹل نیشن پاکستان کے وڑن کے تحت ممکن ہوا ہے، نوجوان اور ماہر افرادی قوت اور بڑھتی ہوئے آئی ٹی ایکسپورٹس کی بنیاد کے ساتھ پاکستان عالمی ٹیکنالوجی معیشت کی تشکیل میں مرکزی کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہے، پاکستانی پویلین صرف ہماری انوویشن کی نمائندگی نہیں کرتا بلکہ یہ دنیا کو ترقی میں شراکت کے لئے ہمارا دعوت نامہ بھی ہے۔

وزارت آئی ٹی 10 سٹارٹ اپس کی دبئی میں جیٹیکس گلوبل 2025 میں شرکت کو سہولت فراہم کر رہی ہے جو دنیا کے سب سے بڑے ٹیکنالوجی اور انوویشن ایونٹس میں سے ایک ہے۔ اس وفد کے انعقاد اور معاونت کے ذریعے وزارت مقامی کاروباری صلاحیت کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے، بین الاقوامی سرمایہ کاری کو متوجہ کرنے اور کاروباری ترقی کے مواقع پیدا کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

یہ اقدام وزارت کی انوویشن اور اسٹارٹ اپ ماحولیاتی نظام کی ترقی کو تیز کرنے کے مستقل عزم کی عکاسی کرتا ہے۔گزشتہ سال جیٹیکس گلوبل 2024 میں پاکستان کو ٹیک ڈیسٹینیشن آف دا ائیر کے طور پر تسلیم کئے جانے کے بعد، اس سال بھی موجودگی ایک حوصلہ مند قدم کی نمائندگی کرتی ہے، جس میں پاکستان کی 20 سے زائد معروف آئی ٹی اور ٹیکنالوجی کمپنیاں قومی پویلین کے تحت اپنے مصنوعات، خدمات اور ڈیجیٹل سلوشنز عالمی سطح پر پیش کر رہی ہیں۔