دیرپا امن کو یقینی بنانے کیلئے عالمی برادری کو ایک دوسرے کے ساتھ تعاون میں اضافہ کرنا چاہئے، ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی

ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار کا سیئول میں عالمی امن کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے اظہار خیال

اتوار 17 ستمبر 2017 16:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2017ء) پاکستان ہندو کونسل کے سرپرست اعلیٰ اور ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے قیامِ امن کے خواب کو انسانیت کا مشترکہ ایجنڈا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دیرپا امن کو یقینی بنانے کیلئے عالمی برادری کو ایک دوسرے کے ساتھ تعاون میں اضافہ کرنا چاہئے۔ جنوبی کوریاکے دارالحکومت سے اتوار کو موصولہ پیغام کے مطابق سیئول میں عالمی امن کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ڈاکٹر رمیش کمار کا کہنا تھا کہ برصغیر میں آزاد مملکت پاکستان کے قیام کا مقصد علاقائی امن و استحکام کو یقینی بناتے ہوئے شہریوں کو مساوی حقوق فراہم کرنا تھا، امن کانفرنس کا انعقاد معروف کورین امن کارکن مان ہی لی کے قائم کردہ ادارے ہیولنی کلچر ورلڈ پیس ریسٹوریشن آف لائٹ (ایچ ڈبلیو پی ایل) نے کیا تھا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈاکٹر رمیش وانکوانی نے 156 ممالک سے تعلق رکھنے والے شرکاء کو آگاہ کیا کہ 1973ء کا متفقہ منظور کردہ آئینِ پاکستان بھی تمام شہریوں کے حقوق کی حفاظت کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔ ڈاکٹر رمیش وانکوانی نے پاکستانی عوام کی اکثریت کو امن پسند اور بردبار قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی معاشرے کے صرف 5 فیصد انتہاء پسند عناصر ملک و قوم کی بدنامی کا باعث بنے ہوئے ہیں۔

انہوں نے اس موقع پر پارلیمان میں غیر مسلم اقلیتوں کے حقوق کیلئے اپنی جدوجہد بالخصوص ہندو میرج ایکٹ اور زبردستی مذہب تبدیلی کے حوالہ سے بھی شرکاء کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر دنیا بھر کے ممالک سے تعلق رکھنے والے پالیمانی نمائندے، سول سوسائٹی، امن کارکن اور میڈیا کے نمائندے بھی موجود تھے۔ کانفرنس کے شرکاء نے ڈاکٹر رمیش وانکوانی کی جانب سے ایچ ڈبلیو پی ایل کے منظورکردہ اعلامیہ امن کے عملی نفاذ کیلئے پیش کردہ امن تجاویز کا بھرپور خیرمقدم کیا۔