سیاسی بونوں کو انجکشن لگا کر قد آور شخصیات بنانے سے ملک کا بہت نقصان ہوا،طلال چوہدری

جمعہ 22 ستمبر 2017 14:56

سیاسی بونوں کو انجکشن لگا کر قد آور شخصیات بنانے سے ملک کا بہت نقصان ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 ستمبر2017ء) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان میں بڑے بڑے کمیشن بنے‘ ڈھائی درج رپورٹس حکومت کے پاس پڑی ہیں ساری شائع ہونی چاہئے‘ ساری رپورٹوںکو شائع کردو ہمیں کوئی اعتراض نہیں‘ پہلی دفعہ نئی مثالیں بنائی جارہی ہیں یہ مثالیں کیوں بنائی جارہی ہیں ان کا نشانہ شریف خاندان اور (ن) لیگ ہی کیوں ہے‘ نجانے کون سے جادو گر ہیں جو پہلے ہی بتا دیتے ہیں کہ کون سی رٹ ہوگی‘ نجانے یہ جادو گر کہاں سے معلومات لیتے ہیں‘ سیاسی بونوں کو انجکشن لگا کر قد آور شخصیات بنانے سے ملک کا بہت نقصان ہوا ہے‘ سی پیک خطرے میں ہے‘ سرمایہ کاری خطرے میں پڑ گئی ہے‘ شہباز شریف کی مثالیں دوسرے ممالک بھی دیتے ہیں‘ سیاسی بونے اس کا کیا مقابلہ کریں گے‘ نواز شریف کو پہلے ایٹمی دھماکہ کرنے اور اب سی پیک کی شکل میں معاشی دھماکہ کرنے کے باعث ہٹایا گیا‘ انصاف کیا جائے انتقام نہ لیا جائے‘ ہم جادوگروں کی جادوگرویوں کا مقابلہ کریں گے‘ کمیشن کی رپورٹ جاری کرنے کے حکم پر اپیل کریں گے۔

(جاری ہے)

جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ کل ایک کمیشن کی رپورٹ سے متعلق ہائی کورٹ کا حکم سامنے آیا ہے۔ رپورٹ اور کمیشن بنانے کا سلسلہ 1960 سے پہلے سے جاری ہے 1956 کے قانون کے مطابق کمیشن کی رپورٹ حکومت جب چاہے شائع کرے یا نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ کئی چیزیں پہلی دفعہ ہورہی ہیں پہلی دفعہ نئی مثالیں بنائی جارہی ہیں کمیشن بننے کے بعد صرف یہ طے کرنا ہوتا ہے اس میں فوجداری یا قانونی کارروائی ہونی چاہئے یا نہیں اس کمیشن کی رپورٹ آنے کے بعد زیادہ سے زیادہ ایف آئی آر درج ہوتی جو کہ پہلے سے ہی ہوچکی ہے۔

دہشت گردی کی عدالت میں ٹرائل ہوچکا ہے اس رپورٹ کی حیثیت دہشت گردی کی عدالت سے زیادہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن رپورٹ پر زیادہ سے زیادہ ایف آئی آر اور ٹرائل ہوسکتا تھا جو ہوچکا ہے۔ طلال چوہدری نے کہا کہ اس سے پہلے بھی پہلی پہلی دفعہ نظیریں سامنے آئیں جو تاریخ میں پہلے نہیں آئیں۔ پہلی دفعہ مانیٹرنگ جج لگئے گئے یہ مثالیں کیوں بنائی جارہی ہیں اور ان کا نشانہ شریف خاندان اور (ن) لیگ ہی کیوں ہے۔

نجانے کون سے جادو گر ہیں جو پہلے ہی بتا دیتے ہیں کہ کون سی رٹ ہوگی۔ کہا گیا کہ نوز شریف کو حکومت نہیں کرنے دیں گے کہا گیا جے آئی ٹی بنے گی پھر جے آئی ٹی بنی جادوگروں نے پہلے ہی بتا دیا کہ نواز شریف نااہل ہوں گے‘ جادوگروں نے کہا کہ نظر ثانی کی اپیل مسترد ہوگی پھر ایسا ہی ہوا‘ نجانے یہ جادو گر کہاں سے معلومات لیتے ہیں۔ طلال چوہدری نے کہا کہ افواہیں مارکیٹ میں پھیلائی جاتی ہیں اور ڈرانے دھمکانے کے لئے استعمال کی جاتی ہیں ان جادوگروں کو دیکھنا چاہئے پاکستان کا بہت نقصان ہوچکا ہے سیاسی بونوں کو انجکشن لگا کر قد آور شخصیات بنانے سے ملک کا بہت نقصان ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کی قیادت کو عوامی طور پر نہیں گرایا جاسکتا اسی لئے ٹیکنیکل طور پر ناک آئوٹ کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ یہ نقصان پاکستان کا ہے سی پیک خطرے میں ہے دنیا آوازیں کس رہی ہے سرمایہ کاری خطرے میں پڑ گئی ہے پاکستان کا نقصان نہ کریں۔ نواز شریف کا کوئی قصور نہیں وہ عوامی مینڈیٹ کے مطابق حکومت چلانا چاہتا تھا تمام چیزیں قوم کے سامنے آنی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بڑے بڑے کمیشن بنے ڈھائی درجن رپورٹس حکومت کے پاس پڑی ہیں ساری شائع ہونی چاہئے۔ بہت ساری رپورٹوں پر کارروائی نہیں ہوئی ان پر کارروائی ہونی چاہئے۔ سارے پاکستان کی رپورٹوں کو شائع کردو ہ میں کوئی اعتراض نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کام کرنے کی سزا نہ دی جائے۔ نواز شریف نے ابھرتا ہوا اور پرامن پاکستان بنایا ہے طلال چوہدری نے کہا کہ شہباز شریف کی مثالیں دوسرے ممالک بھی دیتے ہیں سیاسی بونے اس کا کیا مقابلہ کریں گے۔

ہم مقابلہ جاری رکھیں گے عوام کی رائے کے تقدس کا مشن جاری رکھیں گے۔ طلال چوہدری نے کہا کہ ہم جادوگروں کا بھی مقابلہ کریں گے پہلے ہی ملک کے ساتھ بڑے حادثے ہوئے ہیں ہم انصاف کے طلب گار ہیں انصاف کیا جائے انتقام نہ لیا جائے۔ کمیشن کی رپورٹ پر اپیل کریں گے ہمارے مخالفین کو یہ رپورٹ کس نے دی یہ بھی سوالیہ نشان ہے۔ نواز شریف کو پہلی مرتبہ ایٹمی دھماکہ کرنے اور اب سی پیک کی شکل میں معاشی دھماکہ کرنے کے باعث ہٹایا گیا۔