گلگت بلتستان کونسل کا 2 ارب سے زائد کا بجٹ برائے مالیاتی سال 2017/18 بجٹ اجلا س کی پہلی نشست میں پیش

گزشتہ بجٹ کی نسبت 32 ملین روپے اضافہ

منگل 26 ستمبر 2017 17:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 ستمبر2017ء) گلگت بلتستا ن کونسل کے بجٹ اجلاس برائے مالیاتی سال 2017/18 کی پہلی نشست وائس چیئر مین گلگت بلتستان کو نسل گورنر گلگت بلتستان میر غضنفرعلی خان کی صدارت میں اسلام آباد میں منعقد ہوا۔اجلاس میں وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر ، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن ،کونسل ممبران ملک ابرار احمد ایم این اے ،شازہ منصب علی خان ایم این اے ،سید افتخار الحسن ایم این اے ،جی بی کونسل کے منتخب ممبران سید محمدعباس رضوی ، وزیر اخلاق حسین ، سعید افضل ،محمداشرف صدا ،سلطان علی خان ،ارمان شاہ، وفاقی سیکرٹری اُمور کشمیر پیر بخش جمالی ،جوائنٹ سیکرٹری جی بی کونسل آفتاب درانی کے علاوہ اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر وگلگت بلتستان نے 2199.067 ملین روپے سے زائد کا گلگت بلتستان کونسل کابجٹ برائے مالیاتی سال 2017/18 ایوان میں پیش کیا ۔بجٹ میں کل آمدن کا تخمینہ تقریباً 2398.02 ملین روپے رکھا گیا ہے جس میں سے 2040.00 ملین روپے سے زائد رقم ٹیکس محصولات کی مد میں حاصل کی جائے گی ۔پیش کردہ بجٹ میں اخراجات کا کل تخمینہ 2199.067 ملین ہے جس میں سے 1474 ملین روپے سے زائد ترقیاتی اخراجات ہیں۔

۔غیر ترقیاتی اخراجات کے لیے 725.051 ملین کی رقم مختص کی گئی ہے ترقیاتی اخراجات سے 674.016 ملین روپے سے زائد کی رقم گلگت بلتستان کونسل ممبران کے ترقیاتی پرواگرام کے لیے بھی رکھی گئی ہے۔جس کے تحت ہر ممبر کو 50 ملین روپے دیے جائیں گے جو پچھلے بجٹ سے 32 ملین روپے اضافہ ہے۔اجلاس کے آغاز میں وفاقی وزیر نے سابق وزیراعظم محمدنوازشریف کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ محمدنواز شریف کی مخلص قیادت اور گلگت بلتستان کے عوام سے بے حد لگائو کے باعث آج گلگت بلتستان میں ترقی وخوشحالی کا خواب شرمند ہ تعبیر ہو رہا ہے ۔

انہوںنے کہا کہ محمدنوازشریف کو گلگت بلتستان کے عوام نے ہمیشہ خوشی وغم میں اپنے ساتھ پایا۔ انہوںنے کہاکہ محمدنوازشریف نے گلگت بلتستان کا ترقیاتی بجٹ دوگنا کر کے ایک تاریخی قدم اٹھایا ہے جس سے گلگت بلتستان میں ترقی وخوشحالی کا لازوال سفر شروع ہو چکا ہے ۔انہوںنے کہاکہ گلگت بلتستان میں گلگت سکردو شاہراہ پر تقریباً 30 ارب روپے خرچ کیے جارہے ہیں جب دیگر منصوبے اس کے علاوہ ہیں پی ایس ڈی اور سی پیک کے تحت بھی گلگت بلتستان میں اربوں روپوں کے وسائل خرچ کیے جارہے ہیں ۔

انہوںنے کہاکہ اپنی مخلص قیادت کے باعث محمدنوازشریف کو پاکستان کی سیاست سے کسی صورت میں بے دخل نہیں کیا جاسکتا اور وہ سیاست میں واپس آکر ملک وقوم کی خدمت جاری رکھیں گے اور پاکستان کی ترقی وخوشحالی کے اُس وژن کی تکمیل کریں گے جوانہوںنے سی پیک و دیگر ترقیاتی منصوبوں کی صورت میں شروع کر رکھا ہے۔

متعلقہ عنوان :