محرم الحرام کے جلوسوں میں سیکیورٹی کے انتظامات میں کسی لمحہ تعطل نہیں آنا چاہیے،ڈپٹی کمشنر جھنگ

منگل 26 ستمبر 2017 23:23

جھنگ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2017ء) ڈپٹی کمشنر مدثر ریاض ملک نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے اہم اور مرکزی جلوسوں میں سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات میں کسی لمحہ تعطل نہیں آنا چاہیے اور کنٹرول رومز کے ذریعے ہر لحاظ سے مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے یہ ہدایات سیٹلائٹ ٹائون میں پانچویں محرم الحرام کے اہم جلوس کے روٹس پر سیکیورٹی اقدامات اور کنٹرول روم میں مانیٹرنگ کے عمل کا جائزہ لیتے ہوئے جاری کی۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک،چیئر مین ضلع کونسل بابر علی خان سیال، چیئر میں بلدیہ شیخ محمد نواز اکرم،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیوسجاد احمد خان ، اسسٹنٹ کمشنر شاہد عباس جوئیہ، ڈی ایس پیز ، حساس اداروں کے نمائندگان ،منتظمین ماتمی جلوس و مجالس اور دیگر ممبران امن کمیٹی بھی انکے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر مدثر ریاض ملک نے محرم روٹس پر حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے ضلعی وپولیس انتظامیہ کو جلوس کی حفاظتی نقطہ نظر سے کڑی نگرانی کرنے اور ہمہ وقت فیلڈ میں رہ کر سیکیورٹی سٹاف کو چوکس رکھنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ عزاداری جلوس ومجالس کے موقع پر مکاتب فکر کے علماء کرام کی موجودگی اور مذہبی رواداری کی بدولت محرم سیکیورٹی پلان کو کامیابی سے ہمکنارکیا جا سکتا ہے۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے سیٹلائٹ ٹائون کے حساس ماتمی جلوس اور امام بارگاہ کے اطراف روٹس کا معائنہ کیا اور منتظمین کے تعاون سے نوجوان ،مر د و خواتین کی طرف سے جامع تلاشی کے بعد شرکا ء جلو س اورمجلس میں داخلہ کے عمل کو سراہا۔

انہوںنے کہا کہ پولیس فورس کے جوان چاک و چوبند ہیں جن کو منتظمین اور دیگر شرکاء کا بھرپور تعاون حاصل ہے۔ڈی پی او نے پولیس افسران کو سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کو برقرار رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ مشکوک افراد پر گہری نظر رکھی جائے اور کنٹرول روم کے ذریعے مانیٹرنگ کے ساتھ ساتھ جلوس کے راستوں کو ہمہ وقت کلیئر رکھاجائے۔قبل ازیں ڈپٹی کمشنر مدثر ریاض ملک نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی کنٹرول روم کا بھی معائنہ کیا اورموقع پر ہدایات جاری کیں۔

متعلقہ عنوان :