نیوٹیک کے تحت تربیت یافتہ ہنر مند نوجوانوں کو روزگار دلانے بارے اہم اجلاس

اتوار 1 اکتوبر 2017 23:00

اسلام آباد ۔ یکم اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2017ء) نیوٹیک کے تحت تربیت یافتہ ہنر مند نوجوانوں کو روزگار دلانے کے حوالے سے اتوار کونیوٹیک ہیڈ کوارٹر ز میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں پاکستان اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز کے وفد سمیت نیوٹیک کے افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر نیوٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ذوالفقار احمد چیمہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں کو بیرون ملک باعزت روزگار دلانے میں اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز کا بڑا اہم کردار ہے اور ہمارے پروموٹرز ملک کی معیشت میں بڑے مثبت طریقے سے حصہ ڈال رہے ہیں مگر آپ کا یہ فرض ہے کہ آپ بیرون ممالک خاص طور پر مڈل ایسٹ کے ممالک سے بڑے آجروں اور بڑی کمپنیوں کے مالکان کو پاکستان آنے کی دعوت دیں تاکہ ہم انہیں یہاں دی جانے والی فنی تربیت کا اعلیٰ معیار دکھا سکیں۔

(جاری ہے)

بیرون ملک سے جو ماہرین آکر ہمارے اداروں کے دورے کرتے ہیں وہ بہت متاثر ہوکر جاتے ہیں۔ انہوں نے پروموٹرز سے کہا کہ آپ بین الاقوامی مارکیٹ کے بدلتے ہوئے رجحانات سے ہمیں آگاہ رکھیں تاکہ ہم اس کے مطابق فنی تربیت کو ڈھال سکیں اور جدید اور مطلوبہ سکلز کی تربیت کا اہتمام کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے تربیت یافتہ نوجوانوں کو مڈل ایسٹ میں کم معاوضہ ملتا ہے ، معاوضہ بڑھانے کی ضرورت ہے ۔ ہم یہ مسئلہ متعلقہ حکومتوں کے ساتھ ضرور اٹھائیں گے۔ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے وفد نے نوجوانوں کو روزگار دلانے میں نیوٹیک کے کردار کو سراہا اور اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔