نئے ہجری سال کے آغاز پر خانہ کعبہ کو عرق ِ گلاب اور آب زم زم سے غسل دیدیا گیا،روح پرور تقریب

پیر 2 اکتوبر 2017 19:47

مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 اکتوبر2017ء) نئے ہجری سال کے آغاز پر خانہ کعبہ کو عرق ِ گلاب اور آب زم زم سے غسل دے دیا گیا،مکہ مکرمہ کے گورنر شہزادہ خالد الفیصل نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی نیابت کرتے ہوئے کعبہ مشرفہ کو غسل دیا۔تفصیلات کے مطابق حجاج کرام کی اپنے ملک واپسی کے بعد نئے ہجری سال کے آغاز پر ہرسال کی طرح امسال بھی غسل کعبہ کی روح پرور تقریب منعقد ہوئی۔

اس موقع پر مسجد الحرام کی انتظامیہ کے صدر امام کعبہ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس‘نائب صدر شیخ محمد بن ناصر الحزیم ‘ شاہی خاندان کے افراد‘ اعلی حکام ‘ علما‘ سعودی عرب میں مقیم غیر ملکی سفارتی نمائندے اور معزز شخصیات نے تقریب میں شرکت کا شرف حاصل کیا -کعبہ کو ہر سال ایام حج ختم ہونے اور پر حاجیوں کی اپنے اپنے ملکوں کو روانگی مکمل ہونے کے بعد نئے ہجری سال کے آغاز پر یکم محرم کو غسل کعبہ کی تقریب منعقد کی جاتی ہے جبکہ غلاف کعبہ ہر سال 9ذوالحجہ کو یوم عرفہ کے موقع پر تبدیل کیا جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

کعبہ کو غسل دینے سے پہلے اور بعد تمام شرکاء نے کعبہ کا طواف کیا - کعبہ کو غسل دینے کے لئے عرق گلاب اورآب زمزم استعمال کیا جاتا ہے اور یہ کام تقریبا دو گھنٹے میں مکمل ہوتا ہے -دوران غسل کعبہ کا ماربل سے بنا ہوا فرش اور نصف بلندی تک اندرونی دیواروں کو عرق گلاب ، عود اور دیگر خوشبووں میں بھگوئے سفید کپڑے سے صاف کیا گیا جبکہ فرش پر آب زم زم اور عرق گلاب بہا کر کھجور کے پتوں اور خالی ہتھیلوں سے اسے صاف کیا گیا ۔

غسل کعبہ کے بعد شرکاء نے اس کے اندرونی حصے میں نوافل ادا کئے اور بعد ازاں کعبہ کا طواف کیا اور مقام ابراہیم پر نوافل ادا کئے ۔ کعبہ کی کلید کی حفاظت الشیبی خاندان کے سپرد ہے جو قبل از اسلام کے زمانے سے اس خاندان کے پاس چلی آرہی ہے۔حج کے دوران غلاف کعبہ کو نقصان سے بچانے کے لیے اسے زمین سے تین میٹر اونچا کردیا جاتا ہے تاہم غسل کے موقع پر غلاف کعبہ کو اس کی اصل لمبائی کے مطابق کردیا جاتاہے۔

متعلقہ عنوان :