کراچی ،سعید آباد میں ٹینکر کا تیل بہنے سے کئی گاڑیوں کو حادثہ ،متعدد افراد زخمی ، ڈرائیور فرار

آئل سڑک پر پھیل گیا، موٹرسائیکل سوار احتیاط کریں، ٹینکر ڈرائیور کو جلد گرفتار کرلیں گے،ایس پی بلدیہ ٹاؤن

منگل 3 اکتوبر 2017 16:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اکتوبر2017ء) کراچی میں حب ریور روڈ پر فرنس آئل سے بھرا ٹینکر حادثے کا شکار ہوگیا۔ سڑک پر آئل لیک ہونے کی وجہ سے متعدد گاڑیاں سلپ ہوئیں جس سے متعدد افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں طبی امداد کیلئے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق منگل کی صبح سعید آباد کے علاقے پی ٹی سی اسکول حب ریور روڈ پر ہزاروں لیٹر فرنس آئل سے بھرے ٹینکر کو حادثہ پیش ایا جس کے نتیجے میں آئل ٹینکر لیک ہوگیا اور آئل سڑک پر بہہ گیا۔

آگ کے ڈر کی وجہ سے ٹینکر کا ڈرائیوٹینکر سڑک پر چھوڑ کر فرار ہوگیا۔ مذکورہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور حب ریور روڈ کو دونوں طرف سے ٹریفک کیلئے بند کردیا۔ ٹینکر کے ہٹائے جانے تک ایس پی بلدیہ ٹان آصف رزاق جائے حادثہ پر موجود رہے اور خود نگرانی کرتے رہے۔

(جاری ہے)

انکا کہنا تھا کہ مذکورہ واقعے کی تفتیش کررہے ہیں ور اس ٹینکر کے ڈرائیور کی معلومات حاصل کرلی گئی ہیں جس کو گرفتار کرکے پوچھ گچھ کا عمل شروع کریں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگلے کچھ روز تک موٹر سائیکل سوار یہاں سے گزرنے میں احتیاط کریں۔ سڑک پر آئل پھیل جانے سے 2 کار اور متعدد موٹر سائیکل سلپ ہوگئی جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کیلئے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا تین گھنٹے بعد ٹریفک پولیسنے ٹرک کو سڑک سے محفوظ مقام پر منتقل کردیا اورسڑک پر مٹی ڈال دی گئی ہے تاکہ حادثہ رونما نہ ہو۔