الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر کاسوشل میڈیا پر کوئی اکاؤنٹ نہیں ، اگر کوئی بھی ایسا فیس بک یا ٹوئٹر اکاؤنٹ کہیں سے بھی آپریٹ ہورہا ہے تو وہ جعلی ہے

الیکشن کمیشن پاکستان کے ترجمان کا وضاحتی بیان

منگل 3 اکتوبر 2017 21:31

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 اکتوبر2017ء) الیکشن کمیشن پاکستان کے ترجمان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان جسٹس (ر)سردار محمد رضا کاسوشل میڈیا بشمول فیس بک اور ٹویٹر پر کوئی اکاؤنٹ نہیں اور اگر کوئی بھی ایسا فیس بک یا ٹو ئٹر اکاؤنٹ کہیں سے بھی آپریٹ ہورہا ہے تو وہ جعلی ہے۔

(جاری ہے)

منگل کو اپنے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق الیکشن کمیشن کے ترجمان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن بحیثیت ایک آئینی ادارہ اور چیف الیکشن کمشنر بحیثیت سربراہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کسی بھی قسم کا سوشل میڈیا پر کوئی رابطہ نہیں رکھتے اور اگر سوشل میڈیا پر الیکشن کمیشن یا چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان کے نام سے کوئی فیس بک یا ٹویٹر اکاؤنٹ دیکھا گیا ہے تو وہ بالکل جعلی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ الیکشن کمیشن میڈیا سے صرف اپنے سرکاری شعبہ تعلقات عامہ الیکشن کمیشن کے ذریعے ہی رابطہ کرتے ہیں اور کسی قسم کا سوشل میڈیا سے براہ راست کوئی رابطہ نہیں رکھتے۔