پنجاب یونیورسٹی انسٹی ٹیوٹ ایگریکلچرل سائنسز کے زیر اہتمام گھریلوباغبانی پر سیمینار

بدھ 4 اکتوبر 2017 17:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اکتوبر2017ء) پنجاب یونیورسٹی انسٹی ٹیوٹ آف ایگریکلچرل سائنسز کے زیر اہتمام گھریلو باغبانی اور بیج کی تقسیم کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد ملک کی بڑھتی ہوئی آبادی اور معیشت کی مضبوطی کیلئے جدید زرعی ٹیکنالوجی کے عملی استعمال بارے آگاہی دینا تھا۔ ا س موقع پر پنجاب یونیورسٹی ڈین فیکلٹی آف لائف سائنسز پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم خان، ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف ایگریکلچرل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم حیدر، ڈاکٹر مبین سرور، ڈاکٹر عدنان یونس، زرعی یونیورسٹی فیصل آباد ڈاکٹر شعیب الرحمان،کنٹری ہیڈ اور بزنس کنسلٹنٹ ایگریکلچر شکیل الرحمان، ڈائریکٹوریٹ آف فلوریکلچر پنجاب لاہور سے محمد عبد السلام خان، فیکلٹی ممبران اور طلبہ نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب میں ڈاکٹر محمد نعیم خان نے کہا کہ کچن سے متعلق باغبانی بارے عوام کو آگاہی دینا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں ڈاکٹر محمد سلیم حیدر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کچن باغبانی سے متعلق آگاہی پروگرام شروع کئے جانے چاہئے۔ ڈاکٹر محمد سلیم حیدر نے کہا کہ وہ طلبائو طالبات اور معاشرے کی فلاح و بہبودکیلئے سیمینار ز اور ورکشاپس کا انعقاد جاری رکھیں گے۔

انہوں نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے طلبہ پر زور دیا کہ وہ کچن باغبانی بارے آگاہی فراہم کرنے میں مثبت کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ اگلے سیزن میں انسٹی ٹیوٹ آ ف ایگریکلچرل سائنسز میں سبزیوں کے بیج اگائے جائیں گے۔ بعد ازاں مہمانوں اور مقررین میں یادگاری شیلڈز اور موسم سرما کی سبزیوں کیلئے بیج تقسیم کئے گئے۔

متعلقہ عنوان :