زرداری ٹولے نے سندھ کے وسائل کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے، عارف علوی

مسٹر ٹین پرسنٹ پی ٹی آئی کی خیبر پختونخواہ حکومت پر تنقید کرنے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں

بدھ 11 اکتوبر 2017 22:35

زرداری ٹولے نے سندھ کے وسائل کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے، عارف علوی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2017ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علو ی نے کہا ہے کہ زرداری ٹولے نے سندھ کے وسائل کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے۔ مسٹر ٹین پرسنٹ پی ٹی آئی کی خیبر پختونخواہ حکومت پر تنقید کرنے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں اور سندھ میں پیپلز پارٹی کی 9سالہ حکومتی کارکردگی کا حساب دیں ۔

آج سندھ کی تباہی کی ذمہ دار پیپلز پارٹی کی قیادت اور صوبائی حکومت ہے۔ یہ باتیں انہوں نے پارٹی سیکریٹریٹ ’’انصاف ہائوس ‘‘ سے جاری آصف زرداری کے کے پی کے حکومت کے خلاف بیان پرتبصرہ کرتے ہوئے کہیں ۔ ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی کرپٹ قیادت 9سالہ دور حکومت میں سندھ کے حالات ٹھیک نہیں کر سکی وہ آج پاکستان کے حالات بدلنے کا خواب دیکھ رہی ہے۔

(جاری ہے)

سندھ کے عوام آج بھی پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں ۔ تعلیمی ایمرجنسی کے نام پر سندھ کے عوام کے ساتھ مزاق کیا گیا ہے۔ آج سندھ کا ہر ادارہ پیپلز پارٹی کی کرپشن کی نظر ہوچکا ہے۔ سندھ کا نوجوان ڈگریاں لے کر نوکری کے حصول کے لئے دربدر کی ٹھوکریں کھا رہا ہے جبکہ پیپلز پارٹی کے کرپٹ وزراء پیسے لے کر نوکریاں بیچ رہے ہیں جو کہ سندھ کی عوام کے ساتھ سراسر ظلم اور زیادتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے عوام اب ان چوروں اور لٹیروں کو اچھی طرح پہچان چکے ہیں ۔ سند ھ کا نوجوان اب اپنے بہتر مستقبل کے لئے تحریک انصاف کی جانب دیکھ رہے ہیں ۔ آئندہ عام انتخابات میں پنجاب کی طرح سندھ سے بھی پیپلز پارٹی کا صفایا ہوگا اور وفاق کے ساتھ ساتھ سندھ میں بھی تحریک انصاف حکومت بنا کر سندھ کی عوام کو ان کے وسائل لوٹنے والوں سے نجات دلائیں گے۔