اسلامی یونیورسٹی کے ادارہ تحقیقات اسلامی کے زیر اہتمام بین العقائد ہم آہنگی اور بقائے باہمی پر فوکس گروپ کا اجلاس

سے زائد مذہبی سکالرز ،علماء ، پارلیمینٹرینز،غیر مسلم نمائندوں ،مدرسین اور سول سوسائٹی کی اہم شخصیات کی شرکت بین العقائدہم آہنگی ، پر امن بقائے باہمی کو مضمون کے طور پر سکولوں میں متعارف کرایا جائے،متفقہ اعلامیہ جاری بین العقائد مذاکرہ پر امن بقائے باہمی کے فروغ کا کلیدی ذریعہ ہے، کہ میثاق مدینہ اور قرارداد مقاصد کی روشنی میں تمام مسلم و غیر مسلم شہریوں کو برابر سمجھا جائی: شرکاء کا اتفاق

بدھ 18 اکتوبر 2017 21:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اکتوبر2017ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے ادارہ تحقیقات اسلامی کے زیر اہتمام بین العقائد ہم آہنگی اور بقائے باہمی پر پیغام پاکستان کی روشنی میں منعقدہ فوکس گروپ کے چوتھے اجلاس میں مذہبی سکالرز ،علماء ، پارلیمینٹرینز،غیر مسلم نمائندوں ،مدرسین اور سول سوسائٹی کی اہم شخصیات نے متفقہ پالیسی اعلامیے میں اس بات پر زور دیا ہے کہ بین العقائد مذاکرہ پر امن بقائے باہمی اورہم آہنگی کے فروغ کا کلیدی ذریعہ ہے، بین العقائد مذہبی ونظریاتی اختلافات پر تب تک بحث نہ ہو جب تک کہ اختلاف رائے کے آداب کا خیال نہ رکھا جائے، آئین پاکستان میں اقلیت کے لفظ کو غیر مسلم سے تبدیل کیا جائے جبکہ بین العقائدہم آہنگی ، صبراور پر امن بقائے باہمی کو باقاعدہ ایک مضمون کے طور پر سکولوں میں متعارف کرایا جائے۔

(جاری ہے)

اسلامی یونیورسٹی کے فیصل مسجد کیمپس میں منعقدہ اس اجلاس کے اعلامیے میںمزید کہا گیا ہے کہ مذہبی بنیادوں پر نفرت انگیز گفتگو کی حوصلہ شکنی کی جائے۔ شرکاء نے کہا کہ تمام مذہبی سکالرز کے لیے یہ لازم قرار دیا جائے کہ وہ حب الوطنی ،معاشرتی اقداراور بین العقائد ہم آہنگی پر ہفتہ وار اجتماعات میں گفتگو کریں۔ شرکاء نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ اس امر کی کسی کو بھی اجازت نہ دی جائے کہ وہ عقیدہ میں اختلافات کے باعث پاکستان اورملکی نظریات کو نشانہ بنائے۔

اجلاس میں بلائے گئے 30 سے زائد شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مذہبی بنیادوں پر نفرت انگیز تقاریر کی حوصلہ شکنی کی جائے اور اس کے ارتکاب کرنے والے شخص کے خلاف انسداد دہشت گردی قانون کے تحت کارروائی کی جائے۔ بین العقائد مذاکرے کو امن کے استحکام اور پر امن بقائے باہمی کے فروغ کے لیے پالیسی کے طور پر استعمال کیا جائے ۔ شرکاء نے اتفاق کیا کہ تمام مکاتب فکر کے مذہبی نظریات کو برابر توجہ دی جائے اور باہمی احترام کا رویہ اپنایا جائے ۔

ان کا مزید کہناتھا کہ میثاق مدینہ اور قرارداد مقاصد کی روشنی میں تمام مسلم و غیر مسلم شہریوں کو برابر سمجھا جائے۔ اجلاس کی صدارت ریکٹر جامعہ ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی نے کی جبکہ اجلاس کی میزبانی کے فرائض ممبر قومی اسمبلی رومینہ خورشید عالم نے انجام دیے۔ اجلاس میں ادارہ تحقیقات اسلامی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر محمد ضیا الحق سمیت مذہبی سکالرز، مدرسین، پارلیمینٹیرین، سول سوسائٹی کے نمائندے، غیر مسلم مذہبی نمائندے اور ادارے کے محققین بھی شریک تھے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ریکٹر جامعہ ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی نے کہا کہ مذہب کو انسانی تاریخ میں ہمیشہ سے مرکزی حیثیت حاصل رہی ہے اور اس اہمیت کے پیش نظر مذہبی وسعت انتہائی اہم ہے کیونکہ یہ پر امن بقائے باہمی کے فروغ میںکلیدی کردار ادا کرتی ہے ۔ان کا مزید کہنا تھاکہ انسانیت کی فلاح اور بقائے باہمی ایسے پہلو ہیں جن پر تمام مذاہب کا اتفاق ہے ۔

ریکٹر جامعہ نے کہا کہ سکڑتی دنیا اس بات کی متقاضی ہے کہ تمام اقوام امتیازات سے بالا تر ہو کرپر امن بقائے باہمی کے فروغ کے لیے کام کریں۔ انہوںنے ادارہ تحقیقات اسلامی کی کاوشوںکو سراہتے ہوئے کہ اکہ ادارے کی کوششوں سے پیغام پاکستان کے بعد آج کے اجلاس میں مذہبی و بین العقائد ہم آہنگی پر ایک بہترین متفقہ اعلامیہ جاری کیا گیا۔قبل ازیں اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر ضیاء الحق نے پیغام پاکستان اور علماء کے متفقہ فتوی بارے شرکاء کو آگاہ کیا اور اس ضمن میں جاری ادارے کی کاوشوں کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی۔

انہوںنے بتایا کہ اسلامی یونیورسٹی کا اولین مقصد مسلم معاشروںکو متوازن سوچ اور اسلامی تعلیمات سے مزین ایسے اذہان دینا ہے جو کہ امت مسلمہ کو ترقی کی راہوں پر ڈال سکیں ۔

متعلقہ عنوان :