علاقائی سیاست میں حالات کافی بدل چکے ہیں، عوامی نیشنل پارٹی

جمعرات 19 اکتوبر 2017 20:17

لکی مروت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اکتوبر2017ء)عوامی نیشنل پارٹی کی مرکزی کونسل کی رکن اور سابق ایم پی اے یاسمین ضیاء نے کہا ہے کہ علاقائی سیاست میں حالات کافی بدل چکے ہیں عوام خان ازم اور ملا ازم کے آسیب سے نکل رہے ہیں اور ان کا اگلا پڑائو عوامی نیشنل پارٹی ہی ہے کیونکہ وہ جان چکے ہیں کہ موجودہ دور کے مقابلے میں اے این پی کا دور ہزار ہا درجے بہتر تھا وہ اپنی رہائشگاہ پر میڈیا نمائندوں سے باتیں کررہی تھیں سابق رکن صوبائی اسمبلی یاسمین ضیاء نے کہا کہ ہم نے مروت علاقے میں اربوں روپے مالیت کے منصوبے مکمل کئے جن میں سکول، کالجز، سڑکیں، پل، یتیم خانے، فنی تعلیم کے ادارے شامل تھے ہم عوامی خدمت اور ترقی کا ایجنڈا لے کر انتخابی اکھاڑے میں اتریں گے فیصلہ عوام کریں گے کہ وہ مذہب کا نام استعمال کرنے والوں اور دولت کے پجاریوں کی لالچ میں آتے ہیں یا ترقی و خوشحالی کے ایجنڈے کو سامنے رکھ کر عوامی نیشنل پارٹی پر اعتماد کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ حالات بڑے واضح ہیں لوگ اے این پی کی طرف مائل ہیں اور جوق در جوق سرخ جھنڈے تلے جمع ہورہے ہیں گذشتہ ساڑھے چار سال کے دوران ہم نے ضلع بھر میں پارٹی کا تنظیمی ڈھانچہ مضبوط کرکے اسے سیاسی قوت بنادیا ہے گھر گھر باچاخان کا پیغام پہنچا ہے آنے والا دور اے این پی کا ہے جو صوبے میں حکومت تشکیل دے گی ہم نہ صرف مروت علاقے بلکہ جنوبی اضلاع میں پارٹی کا روشن مستقبل دیکھ رہے ہیں یاسمین ضیاء نے کہا کہ سٹیٹس کو توڑنے کا وقت آپہنچا ہے عوام اگلے عام انتخابات میں شخصیت پرستی کے بت توڑ کرروایتی سیاستدانوں کو مسترد کردیں گے عوامی نیشنل پارٹی بر سر اقتدار آنے پر لوگوں کی بہتری اور عوام کی ترقی و خوشحالی یقینی بنائے گی اور تعلیم عام کرنے کے ساتھ ساتھ روزگار کی فراہمی، زراعت کی ترقی اور غریب عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے اقدامات لے گی۔