سینیٹ کا ہنگامہ خیز اجلاس (آج ) ہو گا، الیکشن بل کی شق 203 میں ترمیم کا بل پیش کیا جائے گا

بل کے تحت عدالتوں سے نا اہل شخص سیاسی جماعت کا سربراہ نہیں بن سکے گا ، سینیٹ میں اپوزیشن کی اکثریت کی وجہ سے بل منظور کئے جانے کا امکان سینیٹ اجلاس میں بنیادی حقوق اور ٹریفک قوانین کو میٹر ک اور انٹرمیڈیٹ کے تعلیمی نصاب میں شامل کرنے ، سرکاری حج سکیم میں اخراجات کم کرنے اور ملک بھر میں ضلعی سطح پر خواتین کیلئے الگ یونیورسٹیوں کا قیام کیلئے قرارداد یں پیش کی جائینگی

اتوار 22 اکتوبر 2017 14:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 اکتوبر2017ء) سینیٹ کا ہنگامہ خیز اجلاس (آج ) پیر کو سہ پہر تین بجے پارلیمنٹ ہائوس میں ہو گا ، اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے الیکشن بل 2017ء کی شق 203 میں ترمیم کا بل پیش کیا جائے گا ،بل کے تحت عدالتوں سے نا اہل شخص کسی بھی سیاسی جماعت کا سربراہ نہیں بن سکے گا ، سینیٹ میں اپوزیشن کی اکثریت کی وجہ سے بل منظور کئے جانے کا امکان ہے ، سینیٹ اجلاس میں بنیادی حقوق اور ٹریفک قوانین کو میٹر ک اور انٹرمیڈیٹ کے تعلیمی نصاب میں شامل کرنے ، سرکاری حج سکیم میں اخراجات کم کرنے اور ملک بھر میں ضلعی سطح پر خواتین کیلئے الگ یونیورسٹیوں کا قیام کیلئے قرارداد یں پیش کی جائینگی ۔

تفصیلات کے مطابق سینیٹ کا ہنگامہ خیز اجلاس (آج )پیر کو سہ پہر تین بجے چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں ہو گا جس میں تحریک انصاف ، پیپلز پارٹی ، جماعت اسلامی ،مسلم لیگ (ق) اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے الیکشن بل 2017ء کی شق 203میں ترمیم پیش کی جائیگی ،اس سے قبل سینیٹ اور قومی اسمبلی سے منظور ہونیوالے الیکشن بل 2017ء کی شق 203 کے تحت کوئی بھی پاکستانی کسی بھی سیاسی جماعت کا رکن اور سربراہ بن سکتا تھا جس کے تحت نواز شریف دوبارہ مسلم لیگ ن کے سربراہ منتخب ہوئے ، ا پوزیشن جماعتوں کی جانب سے 203میں ترمیم سینیٹ میں پیش کی جائیگی جس کے تحت عدالتوں سے نا اہل شخص دوبارہ کسی سیاسی جماعت کا سربراہ نہیں بن سکے گا،سینیٹ میں اپوزیشن جماعتوں کی اکثریت ہونے کی وجہ سے ترمیم کو کثرت رائے سے منظور کئے جانے کا امکان ہے ، سینیٹ سے منظوری کے بعد الیکشن ترمیمی بل 2017ء دوبار ہ قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا جہاں حکومت کی اکثریت ہونے کی وجہ سے بل مسترد ہونے کا امکان ہے ۔

(جاری ہے)

سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری ایجنڈے کے مطابق آج ہونیوالے اجلاس میں اپوزیشن کی جانب سے بنیادی حقوق اور ٹریفک قوانین کو میٹر ک اور انٹرمیڈیٹ کے تعلیمی نصاب میں شامل کرنے ، سرکاری حج سکیم میں اخراجات کم کرنے اور ملک بھر میں ضلعی سطح پر خواتین کیلئے الگ یونیورسٹیوں کا قیام کیلئے قرارداد یں پیش کی جائینگی۔ایجنڈے کے مطابق سینیٹ میں پرائیویٹ ممبر ڈے کے موقع پر مختلف جماعتوں کے سینیٹرز کی جانب سے بل پیش کئے جائیں گے ۔