Live Updates

قومی اسمبلی میں ہیلتھ کیئر ریگولیشن اتھارٹی بل پیش اور قومی کمیشن برائے مقام خواتین کی سالانہ رپورٹ 2015-17ء پیش

غلام احمد بلور کا ایوان میں انہیں نظر انداز کئے جانے کے خلاف قومی اسمبلی سے علامتی واک آئوٹ انسانی حقوق کے قومی کمیشن برائے مقام خواتین کی رپورٹ ششماہی بنیادوں پر ایوان میں آنی چاہیے ،ْرکن پی ٹی آئی فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کیا جائے، ارباب عامر ایوب خان…… عمران خان یاد رکھیں کہ وہ کبھی وزیراعظم نہیں بنیں گے‘ عوامی وزیراعظم آج بھی نواز شریف ہیں ،ْ تہمینہ دولتان

جمعہ 3 نومبر 2017 16:42

قومی اسمبلی میں ہیلتھ کیئر ریگولیشن اتھارٹی بل پیش اور قومی کمیشن برائے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 نومبر2017ء) قومی اسمبلی میں ہیلتھ کیئر ریگولیشن اتھارٹی بل پیش اور قومی کمیشن برائے مقام خواتین کی سالانہ رپورٹ 2015-17ء پیش کر دی گئی ۔ جمعہ کو ڈاکٹر درشن نے اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کا بل ہیلتھ کیئر ریگولیشن اتھارٹی بل ایوان میں پیش کیا۔اجلاس کے دور ان قومی کمیشن برائے مقام خواتین کی سالانہ رپورٹ 2015-17ء قومی اسمبلی میں پیش کردی گئی۔

ممتاز احمد تارڑ نے قومی کمیشن برائے مقام خواتین کی سالانہ رپورٹ برائے سال 2015-17ء پیش کی۔اجلاس کے دور ان عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر غلام احمد بلور نے ایوان میں انہیں نظر انداز کئے جانے کے خلاف احتجاجاً علامتی واک آئوٹ کیا۔ غلام احمد بلور نے نکتہ اعتراض پر این اے 4 سے نو منتخب رکن ارباب عامر ایوب خان کو ایوان میں خوش آمدید کہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارے صوبے میں جتنی گیس پیدا ہوتی ہے وہاں لوڈشیڈنگ نہیں ہوتی۔ایوان میں عوامی نیشنل پارٹی کو نظر انداز کئے جانے پر احتجاج کرتے ہیں۔ اس پر انہوں نے علامتی واک آئوٹ کیا۔اجلاس کے دو ر ان تحریک انصاف کی رکن ساجدہ بیگم نے کہا کہ انسانی حقوق کے قومی کمیشن برائے مقام خواتین کی رپورٹ ششماہی بنیادوں پر ایوان میں آنی چاہیے۔

نکتہ اعتراض پر ساجدہ بیگم نے کہا کہ چار سال میں پہلی بار انسانی حقوق کے قومی کمیشن برائے مقام خواتین کی رپورٹ آئی ہے جوکہ خوش آئند ہے۔ یہ رپورٹ ہر چھ ماہ بعد پیش کی جائے۔ایم کیو ایم پاکستان کے رکن عبدالرشید گوڈیل نے کہا ہے کہ طویل المدتی منصوبوں کی بجائے چھوٹے ڈیم بنا کر عوام کے مسائل حل کئے جائیں۔ نکتہ اعتراض پر عبدالرشید گوڈیل نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ چھوٹے ڈیم بنائے جائیں۔

چین نے چھوٹے ڈیموں کو اولین ترجیح میں رکھا ہے ہمیں مسائل کا حل چاہیے۔ پی ٹی آئی کے نومنتخب رکن قومی اسمبلی ارباب عامر ایوب خان نے کہا ہے کہ میرے حلقہ میں ضمنی انتخاب کے دوران اعلان کردہ سوئی گیس کے منصوبوں کی تفصیلات فراہم کی جائیں تاکہ اس کی مانیٹرنگ کر سکوں‘ فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کیا جائے۔ این اے چار پشاور سے نو منتخب رکن ارباب عامر ایوب خان نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ میرے لئے یہ اسمبلی نئی نہیں ہے۔

میرے علاقہ میں کچھ عرصہ قبل سوئی گیس کے منصوبوں کا اعلان کیا گیا اس کی تفصیلات دی جائیں تاکہ اس کی میں مانیٹرنگ کر سکوں۔ مسلم لیگ (ن) کی سینئر رہنما تہمینہ دولتانہ نے کہا کہ عمران خان یاد رکھیں کہ وہ کبھی وزیراعظم نہیں بنیں گے‘ عوامی وزیراعظم آج بھی نواز شریف ہیں۔ نکتہ اعتراض پر تہمینہ دولتانہ نے کہا کہ یہ بات انتہائی افسوسناک ہے کہ جرائم مرد کرتے ہیں اور انتقام کا نشانہ خواتین کو بنایا جاتا ہے۔

بلوچستان میں تین خواتین کو اغواء کیا گیا جو افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نواز شریف کی جماعت ہے۔ اس وقت نواز شریف اور ان کے خاندان پر جو ظلم اور زیادتی ہو رہی ہے وہ سب کے سامنے ہے۔ پاکستان کو اگر بچانا ہے تو ہمیں ریاست کے اندر ریاست کو ختم کرنا ہوگا تبھی خواتین اور اقلیتوں پر مظالم نہیں ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ انتہائی افسوسناک بات ہے کہ نہ صرف نواز شریف بلکہ ان کے خاندان کو بھی انتقام کی لپیٹ میں لے لیا گیا ہے۔

انہوں نے پیپلز پارٹی کے اراکین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کے لئے ہم نے اے آر ڈی بنائی تھی۔ جمہوریت ہی تمام مسائل کا حل ہے۔اقلیتی رکن قومی اسمبلی لال چند نے توجہ دلائو نوٹس پر سندھ میں انٹری ٹیسٹ کے پیپر کے قبل از وقت آئوٹ ہونے اور عمر کوٹ میں ہندو خاتون کے اغواء کا معاملہ اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ انٹری ٹیسٹ کے نتائج روکے جائیں اور اس صورتحال کا ازالہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ عمر کوٹ میں دیوالی سے دو دن قبل ہندو کمیونٹی کی خاتون کو اغواء کیا گیا جس کی ایف آئی آر بھی درج ہوئی ہے۔ کمیونٹی کے لوگوں نے مقامی ایم پی اے کو اس کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ انسانی حقوق کی وزارت کو اس کا فوری نوٹس لینا چاہیے اور اس کی رپورٹ ایوان میں پیش کرنی چاہیے۔ انہوں نے مردم شماری کے نتائج کے مطابق اقلیتوں کے لئے قومی اسمبلی کی نشستیں بڑھانے کا مطالبہ بھی کیا۔

جے یو آئی (ف) کی رکن قومی اسمبلی نعیمہ کشور خان نے عمرے کے لئے بائیو میٹرک تصدیق کی شرط سے پیدا ہونے والی صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ توجہ دلائو نوٹس پر انہوں نے کہا کہ اس وقت صرف کراچی‘ اسلام آباد اور پشاور میں بائیو میٹرک تصدیق کے مراکز قائم ہیں جن پر لوگوں کا رش ہے۔ سعودی عرب کے اس فیصلے سے ملک کے دور دراز علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

حکومت کو اس صورتحال کا نوٹس لینا چاہیے اور بائیو میٹرک کے لئے سہولیات میں اضافے کے لئے اقدامات کرنے چاہئیں۔ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا ہے کہ اگر مرد کوئی جرم کرے اور اس کی پاداش میں خواتین کو گرفتار کیا جائے تو یہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ قومی اسمبلی میں عیسیٰ نوری اور دیگر ارکان کی جانب سے کوئٹہ میں کالعدم تنظیم کے سربراہ کی رشتہ دار خواتین کو گرفتار کئے جانے کے خلاف اٹھائے گئے نکتہ اعتراضات پر انہوں نے وفاقی وزیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ سے کہا کہ وہ یہ معاملہ وفاقی اور صوبائی حکومت کے نوٹس میں لائیں۔

اجلاس کے دور ان نئی حلقہ بندیوں کے حوالے سے دستور میں ترمیم کا بل وزیر قانون زاہد حامد کی عدم موجودگی کی وجہ سے موخر کردیا گیا۔ جمعہ کو قومی اسمبلی کے ایجنڈے میں یہ بل قومی اسمبلی میں پیش کئے جانے کی صورت میں زیر غور لانے اور منظور کئے جانے کے آئٹم شامل تھے تاہم متعلقہ وزیر کی عدم موجودگی کی وجہ سے موخر کردیا گیا۔بعد ازاں قومی اسمبلی کا اجلاس پیر کی شام چار بجے تک کے لئے ملتوی کردیا گیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات