محکمہ تعلیم 500 اساتذہ کو ٹریننگ کیلئے رواں ماہ کے آخری ہفتے برطانیہ بھجوائے گا

اساتذہ انسٹیٹیوٹ آف ایجوکیشن یو کے اور آکسفورڈ یونیورسٹی سے ٹریننگ لیں گے،سیکرٹری سکولز ایجوکیشن پنجاب ڈاکٹر اللہ بخش ملک

جمعرات 9 نومبر 2017 17:06

لاہور۔9 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 نومبر2017ء) محکمہ تعلیم 500اساتذہ کو ٹریننگ کیلئے رواں ماہ نومبرکے آخری ہفتے میں برطانیہ بھجوائے گا، ٹیچرز ٹریننگ کے تمام اخراجات پنجاب حکومت برداشت کریگی، ٹریننگ مرحلہ وار مختلف فیزز میں ہوگی،ضروری دستاویزات اور پاسپورٹ برٹش کونسل کو دیدئیے،اساتذہ انسٹیٹیوٹ آف سکول ایجوکیشن یو کے اور آکسفورڈ یونیورسٹی سے ٹریننگ لیں گے،سیکرٹری سکولز ایجوکیشن پنجاب ڈاکٹر اللہ بخش ملک نے اے پی پی کو بتایا کہ بہترین کارکردگی کے حامل سرکاری سکولوں کے اساتذہ کو برٹش کونسل کے تعاون سے مرحلہ وار کپیسٹی بلڈنگ کیلئے آف سٹیٹ اور آکسفورڈ سمیت دنیا کے بہترین اور عالمی رینکنگ کے سرفہرست اداروں میں پیشہ و رانہ ٹریننگ کیلئے بھجوایا جارہا ہے،انہوںنے بتایا کہ صوبہ بھر کے اعلیٰ پرفارمنس کے حامل کل 5ہزار سٹار ٹیچرزکو مرحلہ وار دنیا کے بہترین تعلیمی اداروں میں بھیجا جائے گا ،جس کے پہلے بیج میں 500اساتذہ کونومبر کے آخری ہفتے میں برطانیہ کے ٹاپ اداروں میں بھجوایا جارہا ہے،انہوں نے کہا کہ ٹیچرز ٹریننگ کیلئے کوالٹی ایجوکیشن کی فراہمی اور اساتذہ کو بیرون ملک بھجوانے کاوژن خادم اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا تھاجو پوراکردیاگیا ہے،سیکرٹری سکولز نے کہا کہ پنجاب بھر سے منتخب کئے گئے سٹار ٹیچرز ہمارے درخشاں ستارے اور روشنی کے مینار ہیں، ان کی عظمت ، محنت اور شفقت سے ہی طلبہ کا بہترین مستقبل جڑا ہے ،انہوں نے کہا ہے کہ اساتذہ کرام ہی ہمارے بچوںکے سنہری مستقبل کی امید اور روشن پاکستان کے معمار ہیں،اساتذہ ہی ہمیں علم و عرفان عطا کرتے ہیں،وہ بیرون ملک جدید علوم اور بین الاقوامی طرز کی ٹریننگ حاصل کرکے نئی نسل کو کوالٹی ایجوکیشن سے آراستہ کر یں گے۔