اسلام آباد،بین الاقوامی براہِ راست معدے کی سرجری سے متعلق کیپٹل ہسپتال اسلام آباد میں سمپوزیم کا انعقاد

یو کے سے معدہ کی سرجری میں تربیت یافتہ ڈاکٹر عامر ایچ خان نے براہ راست معدے کی جراحی کو عملی طورپر انجام دیا

جمعرات 9 نومبر 2017 21:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 نومبر2017ء) کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے کیپٹل ہسپتال میں مسلسل دوسرے براہِ راست لیپرو سکوپی / معدے کی جراحی (سرجری) کے سمپوزیم کا انعقاد کیا گیا، سمپوزیم کا انعقاد مشہور ماہر سرجری ڈاکٹر نعیم تاج کی نگرانی میں جنرل سرجری ڈیپارٹمنٹ نے کیا، سی ڈی اے کے ممبر ایڈمنسٹریشن محمد یاسر پیر زادہ سمپوزیم کے مہمان خصوصی جبکہ پروفیسر محمد اقبال اعزازی مہمان سمیت ڈاکٹر نعیم تاج انتظامی چیئرمین اورر ڈاکٹر تنصیر اصغرانتظامی سیکرٹری کی حیثیت سے شرکت کی ۔

ملکی سطح کے 200سے زائد سرجن اس براہ راست سرجری سمپوزیم میں شریک ہوئے ،سمپوزیم کے موقع پر یو کے سے معدہ کی سرجری میں تربیت یافتہ کنسلٹنٹ ڈاکٹر عامر ایچ خان نے براہ راست معدے کی جراحی( سرجری) کو عملی طورپر انجام دیا اس سرجری کے ذریعے فرباافراد کا وزن کم کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر یو اے ای سے معدہ کی سرجری میں تربیت یافتہ کنسلٹنٹ ڈاکٹر ظفر اقبال گوندل کے علاوہ ڈاکٹر محمد نعیم تاج، ڈاکٹر تنصیر اصغر، ڈاکٹر انا کے علاوہ معدہ کی سرجری سے متعلقہ مقامی فیکلٹی ممبران بھی انکے ہمراہ تھے،اس موقع پر سی ڈی اے کے ممبر ایڈمنسٹریشن محمد یاسر پیر زادہ نے سمپوزیم کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے معدہ کی سرجری کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا اور متعلقہ شعبے کے عملی اقدامات کو بھی سراہا۔

انہوں نے ڈاکٹر محمد نعیم تاج کی سربراہی میں اس خدمت کو انجام دینے والوں اوخصوصاًبین الاقوامی فیکلٹی کی کاوشوں کو بھی سراہا جنہوں نے اس معدہ کی عملی سرجری میں اپنا کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ موٹاپا اچھی صحت کے لیے خطرہ ہے اور وزن کم کرنے کی سرجری کے اس عمل کو دوسرے طریقوں سے زیادہ کامیاب، موزوں و موثرقرار دیا جاتا ہے،اس ضمن میں صرف سرجری کے ذریعہ وزن کم کرنا ہی کافی نہیں ہے بلکہ آئندہ زندگی میں متوازن خوراک کے ذریعے اسکے مفید اثرات سے ہی استفادہ کیا جا سکتا ہے، قبل ازیں کیپٹل ہسپتال کے شعبہ سرجری کے سربراہ ڈاکٹر محمد نعیم تاج نے موٹاپا سمیت دیگر طبی مسائل جن میں ذیابیطس، ہائپر ٹینشن، نیند میں سانس رکنا ، ذہنی دبائوجیسے طبی امراض سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا جو موجودہ دنیاِ عالم کیلئے چیلنج کی حیثیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کیپٹل ہسپتال میں منعقد کیے جانے والے اہم سمپوزیم سے ملک بھر شرکت کرنے والے سرجری سے متعلقہ 200 سے زائد شرکاء نے استفادہ کیااور انہیں سرجری کے نامور ماہرین سے سیکھنے کا بھر پور موقع میسر آیا۔ انہوں نے گذشتہ دہائی میں سرجری کی شعبے میں انجام دی جانے والی خدمات سے متعلق بھی شرکاء کو آگاہ کیا اور کہا کہ اس شعبہ میںماہرین کی ٹیم عصرِ حاضر کی اہم ضرورت ہے،اس موقع پر اعزازی مہمان پروفیسر محمد اقبال نے سرجری کے ماہرین اوراس شعبہ میں خدمات انجام دینے والوں کے علاوہ سمپوزیم کے شاندار انتظامات کو سراہا۔

کیپٹل ہسپتال کے ڈاکٹر محمد فیاض لودھی نے جدید ٹیکنالوجی کے اطلاق کے لیے سرجری کے شعبے کے ماہرین خصوصاً ادارے کی موجودہ انتظامیہ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز اور ممبر ایڈمنسٹریشن محمد یاسر پیرزادہ کی خصوصی توجہ کو بھی سراہا جس کی بدولت اس طرح کے مفید اور معلومات افزاء سمپوزیم منعقد ہو رہے ہیں اور کیپٹل ہسپتال کے ڈاکٹروں کو بھی جدید ٹیکنالوجی اور مہارت حاصل کرنے کے مواقع میسر ہو رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :