ڈپٹی کمشنر بٹگرام کی تھاکوٹ میں کھلی کچہری، مقامی لوگوں نے مسائل کے انبار لگا دیئے

بدھ 15 نومبر 2017 20:52

بٹگرام۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2017ء) ڈپٹی کمشنر بٹگرام کے تھاکوٹ میں کھلی کچہری کے موقع پر مقامی لوگوں نے مسائل کے انبار لگا دیئے۔ ڈپٹی کمشنر سیدمحمد فرل ثقلین کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ عوام کے جملہ مسائل حل کرانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر بٹگرام سید محمد فرل ثقلین کی سربراہی میں کھلی کچہری منعقد ہوئی جس میں مقامی لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر میاں جاوید اقبال، اسسٹنٹ کمشنر سید ظہیر علی شاہ، تحصیل ناظم نیاز محمد خان ترند سمیت ضلع بھر کے تمام سرکاری محکموں کے سربراہان بھی موجود تھے۔ کھلی کچہری کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سید محمد فرل ثقلین نے کہا کہ صوبائی حکومت اور چیف سیکرٹری کے احکامات کی روشنی میں ہر ماہ دو مختلف مقامات پر کھلی کچہریاں منعقد کریں گے تاکہ عوام کو درپیش مسائل معلوم کر کے ان کے حل کیلئے اقدامات اٹھا سکیض، یہ ان کی دوسری کھلی کچہری ہے جو تحصیل بٹگرام کے پسماندہ علاقہ تھاکوٹ کو منتخب کرنے کا بنیادی مقصد بھی یہی تھا کہ یہاں کی پسماندگی دور کرانے کیلئے ضلعی انتظامیہ اور لائن محکماجات عملی طور پر اقدامات اٹھائے جا سکیں۔

(جاری ہے)

یہاں کے مسائل معلوم کرنے کیلئے آئے ہیں، مقامی لوگ کھل کر اپنے مسائل بیان کریں، حل کرانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ تھاکوٹ مقامی لوگوں نے صاف پانی کی فراہمی، لنک رابطہ سڑکوں کی خستہ حالی، سکولوں میں سہولیات کی عدم دستیابی، منشیات سپلائی کی روک تھام، گھریلوی استعمال کیلئے بالن لکڑی پر محکمہ جنگلات کی جانب سے پابندی، ڈی ایچ کیو ہسپتال اور آر ایچ سی ہسپتال تھاکوٹ میں طبی سہولیات فراہمی کے متعلق مسائل بیان کئے۔

ہر محکمہ سے جڑے سوالات کے جوابات متعلقہ محکموں کے افسران نے دیئے اور تفصیلی وضاحت پیش کی۔ آخر میں ڈپٹی کمشنر سید محمد فرل ثقلین نے کھلی کچہری کے شرکاء کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے تمام بیان کردہ مسائل کے حل کیلئے عملہ اقدامات اٹھائیں گے، اس ضمن میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔