نوجوان اپنی صلاحیتیں مثبت سرگرمیوں میں استعمال کریں ، ہیلی کالج آف کامرس نے کئی معروف رہنما پیدا کئے ہیں ،ترقی کیلئے ضروری ہے طلبہ ترقی یافتہ اقوام کی پیروی کریں، وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ظفر معین ناصر

ہفتہ 18 نومبر 2017 17:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 نومبر2017ء) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ظفر معین ناصر نے کہا ہے کہ نوجوان جذبے، توانائی، نئے آئیڈیاز اور جوش سے بھرپور ہوتے ہیں انہیں چاہیے کہ وہ اپنی صلاحیتیں مثبت سرگرمیوں میں استعمال کریں ، ہیلی کالج آف کامرس نے کئی معروف رہنما پیدا کئے ہیں اور ترقی کے لئے ضروری ہے کہ طلبہ ترقی یافتہ اقوام کی پیروی کریں۔

وہ ہفتہ کو پنجاب یونیورسٹی ہیلی کالج آف کامرس کے زیر اہتمام نئے داخل ہونے والے طلبائو طالبات کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف کامرس اور پرنسپل کالج پروفیسر ڈاکٹر حسن مبین عالم ، سابق ڈین اور پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر لیاقت علی، فیکلٹی ممبران اور طلبائو طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب میں وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر معین ناصر نے کہا کہ کامرس کی تعلیم دینے والے قدیم اور شاندارکالج میں داخل ہونے والے طلبہ بہت خوش قسمت ہیں، طلبہ امن اور برداشت کو فروغ دیں اور اللہ تعالیٰ کی نعمتوں پر شکر ادا کریں ۔

ڈاکٹر حسن مبین عالم نے کہا کہ کالج میں طلبہ کو بہترین تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے ساتھ ان کی عملی تربیت کیلئے فیلڈ کے دوروں کے علاوہ سیمینارز، ورکشاپس کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کو صرف ڈگری کیلئے نہیں بلکہ بہترین شہری بننے اور ریاست کی فلاح و بہبود کیلئے تعلیم حاصل کرنی چاہیے۔تقریب میں کلا م اقبال بھی پڑھا گیا۔ بعد ازاں وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر معین ناصر نے تمام پرفارمرز کیلئے پانچ ہزار روپے انعام کا اعلان کیا۔