غیر قانونی کڈنی ٹرانسپلانٹ کی روک تھام کیلئے محکمہ صحت اور سیکورٹی اداروں کو ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں، ڈپٹی کمشنر

بدھ 22 نومبر 2017 22:32

رحیم یار خان۔22 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2017ء)ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان سقراط امان رانا نے کہا ہے کہ ضلع میں جعلی ادویات کی تیاری اور کڈنی ٹرانسپلانٹ جیسے غیر قانونی و انسانی کاروباری کی روک تھام کیلئے ضلعی انتظامیہ او رسکیورٹی ادارے متحرک کردار ادا کر رہے ہیں اور ضلع بھر میں تا حال کسی ایسے گروہ کی نشاندہی نہیں ہوئی جو اس میں ملوث ہو۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر بہاولپور ڈویژن کیپٹن(ر)ثاقب ظفر کی زیر صدارت منعقدہ ویڈیو لنک کانفرنس میں بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ غیر قانونی کڈنی ٹرانسپلانٹ کی روک تھام کیلئے محکمہ صحت او رسیکورٹی اداروں کو ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں اور اسسٹنٹ کمشنر ز بھی اپنی تحصیلوں میں تسلسل کے ساتھ مانیٹرنگ کر رہے ہیں جبکہ محکمہ صحت کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کڈنی کے مرض میں مبتلا مریضوں کا ڈیٹا مرتب کرے اور اس سلسلہ میں عوامی آگہی کیلئے بھر پو رتشہیری مہم چلائی جائے کہ ماسوائے خونی رشتہ کے کوئی بھی رشتہ دار ، عزیز و اقارب یا دیگر اپنی کڈنی کسی کو عطیہ نہیں کر سکتا ۔

(جاری ہے)

کڈنی ٹرانسپلانٹ کیلئے تمام قانونی کاروائی کو پورا کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ علاوہ ازیں غیر قانونی ادویات کی تیاری و فروخت کرنیوالوں کے خلاف بھی وسیع پیمانے پر کاروائی کی جا رہی ہے تاہم ضلع میں ادویات کی غیر قانونی تیاری سے متعلق کوئی اطلاعات موصول نہیں ہو ئیں۔