زمین پر آکسیجن کی مقدار کو برقرار رکھنے کیلئے قومی اوربین الاقوامی سطح پردرختوں کی اہمیت کو اجاگر کرنے کی از حد ضرورت ہے ‘ ذکیہ شاہنواز

موسمیاتی تبدیلیوں ،جنوبی ایشیا میں فضائی آلودگی کے خاتمے کیلئے ہمسایے ممالک سے باہمی مشاورت کیلئے خط بھی ارسال کیا جاچکا ہے ‘ وزیر تحفظ ماحول

جمعرات 7 دسمبر 2017 16:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2017ء) صوبائی وزیر تحفظ ماحول بیگم ذکیہ شاہنواز نے کہا ہے کہ موسمیاتی تغیرا ت کے حیات العرض پرضرر رساں اثرات کے پیش نظر قومی اوربین الاقوامی سطح پردرختوں کی اہمیت کو اجاگر کرنے کی از حد ضرورت ہے تاکہ بڑھتے ہوئے آئندہ صنعتی ترقیاتی ادوار میں انسانی بقاکے لیے زمین پر آکسیجن کی مقدار کو برقرار رکھا جاسکے اورقدرتی وسائل کو تحفظ دیا جائے اس ضمن میں حکومت پاکستان سنجیدگی سے اقداما ت کر تے ہوئے گرین پاکستان پروگرام لانچ کر چکی ہے اب شجرکاری مہم میں طلبا و طالبات کی شرکت یقینی بنانے کے لیے انہیں اس حوالے سے کیے گئے کام کے لیے اضافی نمبر دئیے جانے کی تجویز زیر غور ہے محکمہ تحفظ ماحول تما م پراجیکٹس کے لیے 01فیصدرقم ماحول کی بہتری اور درخت لگانے کے لیے مختص کیے جانے کے لیے تجویز بھی زیر غور ہے محکمہ تحفظ ماحول عوام کو کلائمیٹ چینج سے ہونے والے برے اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے تما م سٹیک ہولڈر ز و کومسلسل ہدایات جاری کر نے کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایکشن لے رہاہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے سنٹرل یونیورسٹی آف پنجاب میں کلائمیٹ چینج سے متعلق آگاہی سیمینا ر سے خطاب کے دوران کیا ۔انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں اور جنوبی ایشیا میں فضائی آلودگی کے خاتمے کے لیے اپنے ہمسایے ممالک سے باہمی مشاورت کے لیے پنجاب حکومت کی جانب سے خط بھی ارسال کیا جاچکا ہے اس موقع پر سول سوسائٹی ،طلباء و طالبات اورفیکلٹی ممبران بھی موجود تھے ۔