ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے عطائی ڈاکٹروں ونیم حکیموں اور غیر رجسٹرڈ ادویات کی غیر قانونی تشہیر کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کرانے کا حکم دیدیا

جمعہ 8 دسمبر 2017 23:12

فیصل آباد۔8 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2017ء)ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے عطائی ڈاکٹروں ونیم حکیموں اور غیر رجسٹرڈ ادویات کی غیر قانونی تشہیر کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کرانے کا حکم دیا ہے اور کہا ہے کہ اس اقدام کی موثر روک تھام کویقینی بنایا جائے۔انہوں نے یہ ہدایت ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں بغیر ڈرگ لائسنس میڈیکل سٹور چلانے،عطائی ڈاکٹرز اور ڈرگ ایکٹ کی دیگر خلاف ورزیوں پر 22کیسز ڈرگ کورٹ بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ کارروائیوں سے متعلق ڈرگ انسپکٹرز ومیڈیکل سٹورز مالکان کا موقف سنتے ہوئے قصور وارثابت ہونے پر 3۔

افراد کیخلاف مقدمات درج،4کووارننگ اور 8کوآئندہ سماعت کے لئے ملتوی کردیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرز میاں آفتاب احمد،سیکرٹری کوالٹی کنٹرول بورڈ عارف شہزاد،ممبر کمیٹی کیپٹن ڈاکٹر محمد صدیق،ڈپٹی پراسیکیوٹر سجیلہ نذیر اوڈرگ انسپکٹرز بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے ڈرگ ایکٹ کی خلاف ورزیوں کے مرتکب میڈیکل سٹورز/کلینکس کے خلاف ایکشن رپورٹس کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ بغیر ڈرگ لائسنس،غیر رجسٹرڈ اور غیر معیاری ادویات فروخت کرنے والے میڈیکل سٹورز کوفی الفور سیل کیا جائے اور بعدازاں ان کی نگرانی کا عمل بھی جاری رکھیں۔

انہوں نے ڈرگ انسپکٹرز سے کہا کہ وہ جعلی،غیرمعیاری ادویات فروخت وتیار کرنے والوں کے خلاف ٹھوس کیسز تیار کرکے ڈرگ کورٹس میں موثر پیروی کریں تاکہ انسانی جانوں سے کھیلنے والوں کو کیفرکردار تک پہنچاکر اس قبیح فعل کا قلع قمع کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ تمام ترکارروائیاں شفاف اور بدعنوانی سے پاک ہونی چاہیں۔