نوازشریف کے خلاف قتل کا مقدمہ چلایا جانا چاہیے‘ شہباز شریف اور رانا ثناءاللہ سانحہ ماڈل ٹاﺅن کی تفتیش پراثر انداز ہو رہے ہیں، انصاف کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے انہیں اپنے عہدوں سے استعفیٰ دینا چاہیے۔آصف علی زرداری

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 29 دسمبر 2017 21:10

نوازشریف کے خلاف قتل کا مقدمہ چلایا جانا چاہیے‘ شہباز شریف اور رانا ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔29 دسمبر۔2017ء) پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اورسابق صدر آصف علی زرداری نے سابق وزیراعظم نوازشریف پر قتل کا مقدمہ چلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف بطور وزیر اعلیٰ اور رانا ثناءاللہ بطور وزیر قانون سانحہ ماڈل ٹاﺅن کی تفتیش اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی میں اثر انداز ہو رہے ہیں، اس لیے انہیں اپنے عہدوں سے استعفیٰ دینا چاہیے۔

لاہور میں پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہرالقادری سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے متاثرین کوانصاف کی فراہمی کے لیے شہباز شریف اور رانا ثناءاللہ کو استعفیٰ دینا پڑے گا۔سابق وزیراعظم نواز شریف کا ذکر کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف دفعہ 302 کے تحت مقدمہ درج ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

آصف زراری نے سابق صدر پرویز مشرف کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ کمر کے درد کے ساتھ ڈانس کرتا ہے بہادر ہے تو پاکستان آجائے۔ انہوں نے کہا کہ مشرف کے پاس اپنے بیان کی کوئی منطق نہیں سابق فوجی سربراہ نے نہیں میں نے اختیارات پارلیمنٹ کو واپس کئے۔انہوں نے کہاکہ میاں صاحب کو جج صاحبان کہتے رہے ہیں منی ٹریل بتائیں لیکن انہوں نے جواب نہ دیا اب یہ گھوم رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں مجھے کیوں نکالا۔

آصف زرداری نے کہا کہ وہ طاہرالقادری کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے دعوت دی، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ظلم کے خلاف جدوجہد کی اور آواز اٹھائی ہے، سانحہ ماڈل ٹاﺅن پر ڈاکٹر طاہر القادری کے ساتھ ہیں، ماڈل ٹاﺅن کا سانحہ لاہور جیسے بڑے شہر میں ہوا ہے، میڈیا پر دکھایا گیا کہ ماڈل ٹاﺅن میں کس طرح سے لوگوں پر گولیاں برسائیں گئیں، شہباز شریف اور رانا ثناءاللہ کو استعفیٰ دینا اور خود کو قانون کے سامنے پیش کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں ایک ایس ایچ او یا وزیراعلیٰ اختیارات نہیں چھوڑتے لیکن میں نے تو اختیارات پارلیمنٹ کو دیئے، شریف خاندان اپنی جائیداد بچانے اور دوستوں کی مدد کی کوشش کررہے ہیں، نواز شریف ہمیشہ ایسا کام کرتے ہیں جس سے حالات کا فائدہ کوئی اور اٹھاتا ہے، یہ لوگ جمہوریت کو نقصان پہنچارہے ہیں، وہ ملک کو اتنا مقروض کردیں اور پھر میں ان کے ساتھ کھڑا رہوں تو یہ قوم کو نامنظور ہوگا، پاکستان میں اب دوبارہ ایسا مذاق نہیں کرنے دیں گے۔

عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری نے کہا کہ ان کے اور پیپلز پارٹی کی قیادت کے درمیان سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے متاثرین کو انصاف دلانے کے لیے آل پارٹیز کانفرنس بلانے پر100 فیصد ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔طاہرالقادری نے کہا کہ ملاقات میں پیپلزپارٹی اور پاکستان عوامی تحریک کے درمیان کئی نکات پراتفاق پایا گیا، پی پی پی قیادت نے سانحہ ماڈل ٹاﺅن پرانصاف کے سفرمیں ساتھ دینے کا یقین دلایا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملاقات میں اے پی سی کے ایجنڈے پرتبادلہ خیال سمیت مختلف معاملات بھی زیر بحث آئے۔