قانون میں پی ایچ ڈی کی ڈگری کا اجراء جلد عمل میں لایاجارہا ہے،

وائس چانسلر بہاء الدین زکریایونیورسٹی

جمعرات 11 جنوری 2018 22:46

ملتان۔11جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2018ء)بہاء الدین زکریایونیورسٹی ملتان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طاہر امین کی زیرصدارت بورڈ آف فیکلٹی کامرس ، بزنس ایڈمنسٹریشن اینڈ لاء کا اجلاس ہوا․ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈ اکٹر طاہر ا مین نے کہا کہ ملکی ترقی اور اقوام عالم میں باوقار مقام کے حصول کے لیے قانون پسند معاشرہ کا قیام از بس ضروری ہی․ اور اس مقصد کے لیے قانون کی وسیع بنیادوں پر تعلیم کا اہتمام یونیورسٹی کے بنیادی اہداف میں شامل ہے اس کے لیے گریجوایشن کی سطح پر قانون کی معیاری تعلیم کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کی منظوری دی گئی ہے بلکہ جلد قانون میں پی ایچ ڈی کی ڈگری کااجراء بھی عمل میں لایاجارہا ہے ․ اجلاس میں ایل ایل بی پانچ سالہ سالانہ نظام تعلیم کے تحت نصاب کی بھی منظوری دے دی ․ اس سے قبل پرنسپل لاء کالج محمد سلیم شیخ نے اجلاس کو مکمل بریفنگ دی․ اسی طرح فیکلٹی کے دوسرے مضامین کے بارے میں بھی تجاویز دی گئی اور ان کی منظوری دی گئی ․ اجلاس میں جسٹس (ر) ظفر یسین ، ڈاکٹر نعمان عباسی ، ڈاکٹر محمد حسن بچہ ، ڈاکٹر رشید خان ، ڈاکٹر ندیم احمد شیخ نے شرکت کی․