تعلیمی اہداف کے حصول کیلئے درس و تدریس کے پرانے طریقوں پر نظرثانی کی ضرورت ہے، وائس چانسلر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی

پیر 22 جنوری 2018 15:18

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2018ء) پروفیشنل ڈیولپمنٹ لرننگ اداروں کی جان ہوتی ہے اور لرننگ کا عمل زندگی بھر جاری رہتا ہے، دنیا میں جو تبدیلی کئی برسوں میں آتی تھیں وہ اب گھنٹوں میں آتی ہیں، ترقی کی دوڑ میں آگے رہنے کے لئے ہمیں اپنے آپ کو ہمہ وقت پروفیشنلی اپ ڈیٹ رکھنا ہوگا، اگر آپ قدم سے قدم ملا کر نہ چلے تو آپ زمانے میں تیزی سے رونما ہونے والی تبدیلیوں سے بہت پیچھے رہ جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے ایچ ای سی فنڈڈ اکیڈمک ٹریننگ پروگرام کے تحت فیکلٹی آف ایجوکیشن کے زیر اہتمام فیکلٹی ممبرز کی پروفیشنل ڈیولپمنٹ کے لئے منعقدہ تین روزہ تربیتی ورکشاپ کی افتتاحی اجلاس سے خطاب میں کیا۔

(جاری ہے)

پشاور یونیورسٹی کے فلاسفی ڈپارٹمنٹ کے شجاع احمد تربیتی ورکشاپ کے ریسورس پرسن ہیں۔

ڈاکٹر شاہد صدیقی نے اِس بات پر زور دیا کہ فیکلٹی ممبرز تازہ ترین معلومات اور سیکھنے کے جدید طریقوں سے ہمیشہ اپنے آپ کو اپ ڈیٹ رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اہداف کے حصول کیلئے درس و تدریس کے پرانے طریقوںپر نظر ثانی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کو چاہئیے کہ وہ کلاس روم میں تخلیقی و تعمیری سوچ کو فروغ دیں اور طلبہ کو اظہار رائے کی مکمل آزادی دیں تاکہ طلبہ اپنی صلاحیتوں کا بہتر انداز میں مظاہرہ کرسکیں۔ڈپٹی رجسٹرار، ٹریننگ اینڈ ڈیولپمنٹ، ڈاکٹر آفتاب احمد کے مطابق تین روزہ تربیتی ورکشاپ کے مختلف سیشن ہوں گے جو ہمارے فیکلٹی ممبرز کے لئے بہت مفید ثابت ہوں گے۔ورکشاپ رابطہ کار مبشرہ طفیل نے اغراض و مقاصد بیان کئے۔

متعلقہ عنوان :