پنجگورمردم شماری میں رہ جانیوالوں کے نام شامل کریں ،بصورت دیگر ہم تادم مرگ بھوک ہڑتال کرینگے،اشرف ساگر بلوچ

پیر 22 جنوری 2018 20:10

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جنوری2018ء)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی سینئر رہنماء وضلعی جنرل سیکرٹری اشرف ساگر بلوچ ودیگر نے الیکشن کمیشن آف پاکستان اور محکمہ شماریات سے اپیل کی ہے کہ وہ پنجگور میں ہونیوالی مردم شماری میں رہ جانیوالے افراد کے نام دوبارہ شامل کریں بصورت دیگر ہم الیکشن کمیشن اور محکمہ شماریات کے دفتر کے سامنے تادم مرگ بھوک ہڑتال کرینگے ۔

وہ گزشتہ روز دیگر ن لیگی رہنمائوں کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کر رہے تھے۔ ان کاکہناتھاکہ پنجگور ایک پسماندہ علاقہ ہے جہاں امن وامان کی صورتحال گھمبیر ہے آئے روز بدامنی کے واقعات رونما ہورہے ہیں جس کی وجہ سے لوگ نقل مکانی کرنے پرمجبورہیں۔ انہوں نے کہاکہ پنجگور بلوچستان کی شورش سے بھی متاثر رہا حالیہ مردم شماری کے دوران لوگوں کو مردم شماری میں حصہ لینے پر جان ومال کی دھمکیاں دی گئی جبکہ کئی لوگوں کے گھروں پر حملے بھی ہوئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے خدشہ ظاہر کیاکہ پنجگور میں الیکشن کمیشن کی موجودہ پالیسیوں کو لاگو کیاگیا تو پنجگور کی صوبائی اسمبلی کی نشست خطرے میں پڑ جائیگی جس کا نقصان معاشی اور معاشرتی سطح پر پڑیںگے جبکہ علاقہ پہلے ہی پسماندگی کامنظرپیش کررہاہے جس کی وجہ سے لوگوں کی بے چینی میں مزید اضافہ ہوگا۔انہوں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان اور محکمہ شماریات سے مطالبہ کیاہے کہ پنجگور میں ہونے والی مردم شماری میں رہ جانے والے افراد کے نام دوبارہ شامل کریں بصورت دیگر ہم الیکشن کمیشن اور محکمہ شماریات کے دفتر کے سامنے تادم مرگ بھوک ہڑتال کرینگے۔