…تفصیلی خبر…)

پاکستان 20 کروڑ لوگوں کی ایک بڑی مارکیٹ ہے جو کاروبار اور سرمایہ کاری کیلئے اوپن ہے، ہماری سالانہ اقتصادی نمو کی شرح تقریباً 6 فیصد ہے، پاکستان میں جمہوریت مضبوط ہو رہی ہے، ہم سی پیک کے ذریعے خطے کے ممالک کے درمیان رابطوں کو فروغ دے رہے ہیں اور مشرق و مغرب سمیت دنیا کے تمام ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں‘عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر مختلف سطحوں پر بات چیت کی گئی وزیراعظم شاہد خاقان عباس کا ڈیووس میں پریس کانفرنس سے خطاب چین اور امریکہ کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں‘ پاکستان کے امریکہ کے ساتھ تعلقات کو کسی تیسرے ملک کے تناظر میں نہیں دیکھا جانا چاہیے‘ وزیر خارجہ خواجہ آصف میڈیا اور فلم انڈسٹری میں نوجوانوں کی شمولیت کے ذریعے ہمارا مقامی بیانیہ بحال ہو رہا ہے، حکومت نوجوانوں کو انٹرٹیمنٹ اور براڈکاسٹ انڈسٹری میں شامل کرنے کیلئے پہلی فلم پالیسی کا اعلان کرے گی، وزیر مملکت وزیر مملکت اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب پاکستان میں صحت کے شعبے میں ایک بڑا سماجی پروگرام کامیابی سے چلایا جا رہا ہے، سائرہ افضل تارڑ پاکستان کے آئی ٹی اور ٹیلیکام سیکٹر میں گزشتہ چند سالوں میں نمایاں ترقی ہوئی ہے‘ انوشہ رحمن

جمعہ 26 جنوری 2018 01:20

ڈیووس ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جنوری2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان 20 کروڑ لوگوں کی ایک بڑی مارکیٹ ہے جو کاروبار اور سرمایہ کاری کیلئے اوپن ہے، ہماری سالانہ اقتصادی نمو کی شرح تقریباً 6 فیصد ہے، پاکستان میں جمہوریت مضبوط ہو رہی ہے، ہم سی پیک کے ذریعے خطے کے ممالک کے درمیان رابطوں کو فروغ دے رہے ہیں اور مشرق و مغرب سمیت دنیا کے تمام ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں‘عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر مختلف سطحوں پر بات چیت کی گئی جس میں توانائی، ٹیکنالوجی اور صحت عامہ کے امور زیر بحث لائے گئے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیووس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف، وزیر مملکت برائے اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب، وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمان، وزیر برائے نیشنل ہیلتھ سروسز سائرہ افضل تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی علی جہانگیر صدیقی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ چین کے ون بیلٹ ون روڈ پروگرام کے تحت ملک میں چین پاکستان اقتصادی راہداری کے جاری منصوبے سے وسیع اقتصادی سرگرمیاں شروع ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت مضبوط ہو رہی ہے اور جمہوری عمل کی ایک دہائی کی تکمیل کی صورت میں تاریخ بن رہی ہے۔ چین اور امریکہ کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے دونوں ممالک کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں جنہیں پاکستان بڑی اہمیت دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم مشرق اور مغرب سمیت تمام ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک سے صرف پاکستان کو فائدہ نہیں ہوگا بلکہ اس سے پورا خطہ استفادہ کرے گا اور یہ دنیا کے دیگر ممالک کیلئے بھی اوپن ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان نے چینی صدر کے رابطہ کاری کے وژن کو ہر فورم پر اجاگر کیا ہے، ون بیلٹ ون روڈ پروگرام سے اس خطے کے ساتھ ساتھ مستقبل میں باقی دنیا بھی مستفید ہوگی۔

وزیراعظم نے عالمی اقتصادی فورم کے رواں سال کیلئے عنوان کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنے اقتصادی امور میں اس حوالے سے پیشرفت کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر مختلف سطحوں پر بات چیت کی گئی جس میں توانائی، ٹیکنالوجی اور صحت عامہ کے امور زیر بحث لائے گئے۔ اس موقع پر وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے ایک سوال کے جواب میں چین کے مشترکہ مستقبل سے متعلق وژن کو سراہا اور کہا کہ مہاجرین کے بحران، فلسطین، کشمیر اور روہنگیا کے مسلمانوں کے مسائل کے حل کیلئے دنیا کی جانب سے سنجیدہ کوششیں نہیں کی جا رہی۔

انہوں نے کہا کہ تصادم زدہ علاقوں پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ چین اور امریکہ کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمارے دونوں ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں تاہم پاکستان کے امریکہ کے ساتھ تعلقات کو کسی تیسرے ملک کے تناظر میں نہیں دیکھا جانا چاہیے، امریکہ ہمارے ساتھ تعلقات کو افغانستان کے تناظر میں دیکھ رہا ہے۔

اس موقع پر وزیر مملکت برائے اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان آبادی کا 60 فیصد ہیں جن کی عمریں 35 سال سے کم ہیں، انہیں مجموعی ترقیاتی عمل میں شامل کرنا موجودہ حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان پائیدار ترقیاتی اہداف پر عملدرآمد کا ذریعہ ہیں اور انہیں پاکستان کے تشخص کو اجاگر کرنے کیلئے آگے لایا جا رہا ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان گزشتہ 35 سالوں سے دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے اور اس جنگ میں گزشتہ چار سالوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ نوجوانوں کیلئے بیرون ملک پاکستان کے متعلق پایا جانے والا تاثر ایک چیلنج تھا، اب موجودہ حکومت پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کیلئے میڈیا کو استعمال کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا اور فلم انڈسٹری میں نوجوانوں کی شمولیت کے ذریعے ہمارا مقامی بیانیہ بحال ہو رہا ہے، حکومت نوجوانوں کو انٹرٹیمنٹ اور براڈکاسٹ انڈسٹری میں شامل کرنے کیلئے پہلی فلم پالیسی کا اعلان کرے گی، جس سے دنیا بھر میں پاکستان سے متعلق تاثر تبدیل کرنے میں مدد ملے گی۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمان نے کہا کہ پاکستان کے آئی ٹی اور ٹیلیکام سیکٹر میں گزشتہ چند سالوں میں نمایاں ترقی ہوئی ہے، موجودہ حکومت نے اس شعبہ کو بہت ترجیح دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کا ایک ذریعہ ہے اور یہ تیز ترقی کا راستہ ہے، پاکستان میں تھری جی اور فور جی کا استعمال تیزی سے بڑھ رہا ہے، پاکستان فری لانسنگ میں چوتھے نمبر پر ہے جبکہ موجودہ حکومت اس شعبہ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے کی خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سافٹ ویئر یرآمدات 3.3 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے بڑی پرکشش مارکیٹ ہے جہاں ہر سال لاکھوں آئی ٹی پروفیشنلز تیار ہوتے ہیں۔ اس موقع پر وزیر برائے نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ پاکستان میں صحت کے شعبے میں ایک بڑا سماجی پروگرام کامیابی سے چلایا جا رہا ہے، وزیراعظم کے نیشنل ہیلتھ پروگرام کے تحت لاکھوں خاندانوں کو علاج معالجہ کی مفت سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور اس سے استفادہ کرنے والوں میں 70 فیصد خواتین شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے پولیو کے خلاف مہم میں شاندار کامیابی حاصل کی ہے، جس کا ثبوت یہ ہے کہ اس وقت ملک میں پولیو کے صرف 8 کیسز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے خلاف مہم میں سب سے بڑا مسئلہ سرحدی آمد و رفت تھی لیکن اب حکومت نے مستقل ٹرانزٹ پوائنٹس کو بہتر بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ڈی پیز کو بھی ویکسین فراہم کی جا رہی ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی علی جہانگیر صدیقی نے کہا کہ پاکستان ایک ابھرتی ہوئی معیشت ہے جو بیرونی دنیا کیلئے ایک بڑی مارکیٹ کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کا ایجنڈا نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے، نوجوان پاکستان کا سرمایہ ہیں اور حکومت انہیں ہر ممکن مواقع فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔