پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حج 2018 کے لئے معاہدے پر دستخط جمعرات کو ہوں گے ، وفاقی وزیر مذہبی امورسعودی عرب پہنچ گئے

وزارت مذہبی اموربدھ کو سندھ ہائی کورٹ کے حکم امتناعی پر اپنا موقف پیش کرے گی

پیر 29 جنوری 2018 20:24

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 جنوری2018ء) پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حج 2018 کے لئے معاہدے پر دستخط جمعرات یکم فروری کو سعودی عرب میں ہوں گے۔ وفاقی وزیر مذہبی امور اس سلسلے میں سعودی عرب پہنچ گئے، وزارت مذہبی اموربدھ کو سندھ ہائی کورٹ کے حکم امتناعی پر اپنا موقف پیش کرے گی۔ تفصیلات کے مطابق وزارت مذہبی امور کے باخبر ذرائع کے مطابق وزارت مذہبی امور یکم فروری کو سعودی وزارت حج کے ساتھ جدہ میں حج معاہدے پر دستخط ہوں گے۔

وفاقی وزیر سردار محمد یوسف تین فروری کو وزیر مذہبی امور مکتب الوکلا، 4 فروری کو سعودی محکمہ ٹرانسپورٹ، الیکٹرانک ٹریک، موسسہ جنوبی ایشیا، 5 فروری کو سعودی وزارت حج مدینہ برانچ اور موسسہ مدینہ کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے جبکہ 6 فروری کو سعودی وزارت حج کے ساتھ حج تعلیمات کے معاہدے پر دستخط ہوں گے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب وزارت مذہبی امور حج قرعہ اندازی کے حوالے سے حکم امتناعی کے معاملہ پر بدھ کو سندھ ہائی کورٹ میں اپنا موقف پیش کرے گی۔

وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق پرائیویٹ ٹوور آپریٹرز کی تنظیم نے سندھ ہائی کورٹ سے حج قرعہ اندازی رکوانے کے حوالے سے حکم امتناعی حاصل کر رکھا ہے جس کے بعد 26 جنوری کو ہونے والی حج قرعہ اندازی ملتوی کر دی گئی تھی۔ وزارت مذہبی امور 31 جنوری کو سندھ ہائی کورٹ کے سامنے اپنا موقف پیش کرے گی۔ سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں وزارت مذہبی امور آئندہ کی حکمت عملی اختیار کرے گی۔