کراچی، خرم شیر زمان نے ڈاکٹر عاصم حسین کی بطور چیئرمین سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن تقرری کیخلاف تحریک التواء جمع کرادی

منگل 30 جنوری 2018 22:04

کراچی، خرم شیر زمان نے ڈاکٹر عاصم حسین کی بطور چیئرمین سندھ ہائر ایجوکیشن ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 جنوری2018ء) سندھ اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر خرم شیر زمان نے ڈاکٹر عاصم حسین کی بطور چیئرمین سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن تقرری کے خلاف تحریک التواء سندھ اسمبلی میں جمع کرادی ہے۔ تحریک التوا ء جمع کرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خرم شیرزمان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عاصم پر بدعنوانی کے الزامات ہیں ۔

یہ سندھ کے عوام کی بدنصیبی ہے جبکہ پیپلزپارٹی کی حکومت کے لئے ڈوب مرنے کا مقام ہے ۔پیپلزپارٹی کی پالیسی ہے جو جتنا بڑا چمچہ ہوگا اسے اتنا ہی بڑا عہدہ دیا جائے گا۔ڈاکٹر عاصم کی تقرری سندھ حکومت کے لئے شرمندگی کا باعث ہے۔انہوں نے سوال کیا کہ کیا ڈاکٹر عاصم کی تقرری ہی وزیراعلی سندھ کی تعلیمی ایمرجنسی ہے۔

(جاری ہے)

ان کی تقرری کے خلاف سندھ اسمبلی سمیت دیگر فورمز پر آواز بلند کریں گے۔

پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر خرم شیرزمان نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر عدالت کا دروازہ بھی کھٹکھٹائیں گے۔ ایسا شخص جس کے خلاف نیب سمیت دیگر اداروں میں کرپشن کے کیسز ہوں ،اسے ایک بڑے تعلیمی ادارے کا سربراہ بنانا کہاں کا انصاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیا سندھ حکومت کے پاس کوئی پڑھا لکھا یا قابل شخص نہیں جسے ایچ ای سی کا چیئرمین بنایا جاتا۔ پیپلزپارٹی کے نزدیک میرٹ نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔ اگر وہ میرٹ کو ترجیح دیتے تو کیا رائوانوار جیسے شخص کو ملیر کا ایس ایس پی لگایا جاتا۔ ڈاکٹر عاصم پر دہشت گردوں کا علاج کرنے کا بھی الزام ہے۔