وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کے تحت ایبٹ آباد یونیورسٹی کے 113 طلباء و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کر دیئے گئے

وفاقی حکومت اعلیٰ تعلیم کا فروغ قومی ذمہ داری سمجھتی ہے، ہم نے عوام کی توقعات سے بڑھ کر کام کیا ہے‘ مرتضیٰ جاوید عباسی یہ یونیورسٹی آپ کے تعاون سے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کی بہترین یونیورسٹی بنے گی‘ وائس چانسلر ایبٹ آباد یونیورسٹی

پیر 12 فروری 2018 22:50

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 فروری2018ء) وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کے تحت ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے 113 طلباء و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کر دیئے گئے۔ لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی تھے جبکہ گیسٹ آف آرنر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد تھے۔

تقریب کا اہتمام ’’ڈائریکٹر آف اورک‘‘ نے کیا تھا جبکہ ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کے نمائندہ ٹیکنیکل آفیسر منظور علی نے لیپ ٹاپ اور ایچ ای سی کی طرف سے طلبہ کو مہیا کی جانے والی سہولیات کے حوالہ سے بریفنگ دی۔ کیمپس پہنچنے پر وائس چانسلر ایبٹ آباد یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی کو خوش آمدید کہا۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب کے دوران وائس چانسلر پرورفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے کہا کہ وہ جب اس یونیورسٹی میں آئے تو حالات انتہائی ابتر تھے، ایسا سٹاف جس کو اپنی ذمہ داریوں کا پتہ ہی نہیں تھا، کی بھرمار تھی، تنخواہوں تک کیلئے پیسے نہیں تھے، ہم نے اپنا سفر وہاں سے سفر شروع کیا، آج الحمد الله یونیورسٹی اپنے پائوں پر کھڑی ہے، ڈیڑھ سال کے عرصہ میں یونیورسٹی میں بہت زیادہ مثبت تبدیلیاں لائے ہیں، والدین اور یہاں داخلہ لینے والے طلباء و طالبات کو ہم سے امیدیں وابستہ ہوتی ہیں کیونکہ ہمارے طلبہ اور اساتذہ کی زیادہ تعداد اینول ذریعہ تعلیم سے آگے آئے ہوتے ہیں اس لئے طلبہ اور اساتذہ دونوں کو مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور جو توقعات والدین ہم سے کر رہے ہوتے ہیں وہ پوری نہیں ہو سکتی، اسی ضرورت کے پیش نظر ہم نے کلاسز شروع ہونے سے قبل اساتذہ کی تربیت کیلئے کا اہتمام کیا اور پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اساتذہ کی تربیت کیلئے ’’اساتذہ اورینٹیشن ویک ‘‘ کے نام سے ایک تربیتی کورس شروع کیا گیا جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ ہماری کلاسسز ٹائم پر شروع ہوئیں، ہمارے ٹائم ٹیبل بروقت بنے اور طلباء و طالبات کا وقت ضائع ہونے سے بچ گیا۔

وائس چانسلر نے کہا کہ ہمیں بطور قوم صرف وسائل کی کمی کا گلہ کرتے ہیں لیکن ہم اپنے رویوں کو نہیں دیکھتے، ہمیں ضرورت ہے تو صرف اور صرف اپنے رویوں میں تبدیلی کی ہے، ایبٹ آباد یونیورسٹی نظم و ضبط کے لحاظ سے بہت ہی بہترین یونیورسٹی ہے۔ وائس چانسلر نے کہا کہ مرتضیٰ جاوید عباسی کا اس یونیورسٹی کی تعمیر و ترقی میں بہت اہم کردار رہا ہے اور ہمارے ایک ارب کے پراجیکٹ کیلئے انہوں نے ہمارے ساتھ بہت تعاون کیاہے۔

پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے کہا کہ ہم توقع کرتے ہیں کہ آپ آئندہ بھی اسی طرح ہمارے ساتھ تعاون کریں گے، یہ یونیورسٹی آپ کے تعاون سے انشاء الله نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کی بہترین یونیورسٹی بنے گی۔ انہوں نے مرتضٰی جاوید عباسی کا یونیورسٹی آمد پر شکریہ ادکیا۔ مختصر وقت میں تقریب کے منظم انداز میں انعقاد پر ڈائریکٹوریٹ آف اورک کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔

تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ آج ہمارے لئے انتہائی خوشی کا دن ہے، آج وہ اس ادارے میں کھڑے ہیں جس کے قیام کیلئے ہم نے بہت جدوجہد کی، یہ ادارہ ان کے خوابوں کی تعبیر ہے، ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کی عظیم درس گاہ ثابت ہو گی جہاں سے سالانہ ہزاروں طلباء و طالبات مختلف شعبہ جات میں تعلیم مکمل کر کے عملی زندگی میں ملک و قوم کی خدمت کریں گے۔

مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ ادارہ کو پھلتا پھولتا دیکھ کر انہیں یہ اطمینان ہوتا ہے کہ ہم نے بطور عوامی نمائندہ اپنی عوام کا حق ادا کیا ہے، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد کی قیادت میں انہیں قوی امید ہے کہ یہ ادارہ نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کا ایک بہترین ادارہ بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اعلیٰ تعلیم کا فروغ اپنی قومی ذمہ داری سمجھتی ہے، الحمد الله ہم نے اعلیٰ تعلیم کے فروغ کیلئے عوام کی توقعات سے بڑھ کر کام کیا ہے، ہم نے اپنے حصہ کا کام کر دیا ہے، طالب علموں کو یہ بات سمجھنی چاہئے کہ آپ ہماری امیدیں ہیں، آپ نے ملک کی باگ دوڑ سنبھالنی ہیں، آپ ہماری جگہوں پر ہوں گے، آپ نے اپنی تمام تر توجہ اپنی تعلیم پر رکھنی چاہئے۔

ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ انہیں آپ کو یہ بات بتاتے ہوئے انتہائی فخر محسوس ہوتا ہے کہ دنیا میں جہاں بھی آپ جائیں آپ کو بہترین سائنسدان، انجینئرز اور ڈاکٹر میں زیادہ تعداد پاکستانیوں کی ہی ملے گی جو پوری پاکستانی قومی کیلئے انتہائی فخر کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اس یونیورسٹی کی تعمیر و ترقی کو دیکھ کر انتہائی خوشی ہوتی ہے اور اس کا سارا کریڈٹ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد کو جاتا ہے جنہوں نے میرٹ پر فیصلے کرتے ہوئے اس ادارہ کو مختصر وقت میں پاکستان کا بہترین ادارہ بنایا۔ انہوں نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد کو بتایا کہ وہ اس ادارہ کی ترقی کیلئے پہلے کی طرح بھرپور ساتھ دیں گے۔