بلوچستان میں بسنے والی اقلیتی برادری کا صوبے کی ترقی اور خوشحالی میں ہمیشہ نمایاں کردار رہاہے،

ہمارے معاشرے میں اقلیت کو یکساں حقوق حاصل ہیں،وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو

منگل 13 فروری 2018 19:25

بلوچستان میں بسنے والی اقلیتی برادری کا صوبے کی ترقی اور خوشحالی میں ..
کوئٹہ۔13فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2018ء) وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ بلوچستان میں بسنے والی اقلیتی برادری کا صوبے کی ترقی اور خوشحالی میں ہمیشہ نمایاں کردار رہاہے۔ ہمارے معاشرے میں اقلیت کو انتہائی قدر اور عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور انہیں یکساں حقوق حاصل ہیں۔حکومت اقلیتوں کی ترقی اور ان کو درپیش مسائل کے حل کے لئے ہرممکن اقدامات کرے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہندو پنچائت کوئٹہ اور بھاگ کے وفود سے ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزراء میرسرفراز بگٹی، طاہر محمود خان اور سابق رکن صوبائی اسمبلی بسنت لعل گلشن بھی موجود تھے۔ وفود کے شرکاء نے وزیراعلیٰ کو ہندو پنجائت کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور ان کے حل کی درخواست کی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں بسنے والی تمام اقوام کا آپس میں ہمیشہ سے محبت اور احترام کا رشتہ رہاہے۔

صوبے میں بسنے والی تمام اقلیتوں نے ہمیشہ صوبے کی ترقی اور خوشحالی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمارے قبائلی معاشرے میں اقلیتوں کا اہم مقام ہے تاہم ماضی میں امن وامان کی خراب صورتحال کے سبب انہیں بھی تنگ کیا گیا جس کی وجہ سے کئی ہندوخاندان بلوچستان سے ہجرت کرنے پر مجبور ہوگئے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پچھلے پانچ سالوں میں امن وامان میں غیرمعمولی بہتری آئی ہے اور ہجرت کرنے والی ہندو برادری اور دیگر لوگ واپس آرہے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہندو برادری نے ہمیشہ ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا اور صوبے کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالا،جسے ہر بلوچستانی قدر کی نگاہ سے دیکھتاہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہندو برادری سمیت صوبے میں بسنے والی تمام اقلیتوں سے کوئی ناانصافی نہیں ہونے دی جائے گی۔ تمام محکموں میں اقلیتی برادری کے لئے مختص کوٹہ کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ترقیاتی اسکیموں میں بھی ان کا جائز حصہ فراہم کیا جائے گا۔ مسائل کے حل کی یقین دہانی پر وفود نے وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا اور ہندو پنچائت کی طرف سے حکومت کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

متعلقہ عنوان :