کتب میلے کا انعقاد جمعیت کی شاندار روایت، اندھیروں میں اجالوں کا پیغام ہے، محمد حسین محنتی

منگل 13 فروری 2018 20:42

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2018ء) نائب امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ مطالعے کی عادت بڑھانے میں کتب میلے اہم کردار ادا کرتے ہیں، مہنگائی کے دور میں کتب میلے کے ذریعے کم قیمت پر کتابوں کی فراہمی سے نہ صرف طلبہ بلکہ عام آدمی کے لئے بھی مطالعہ کے مواقع بڑھاتے ہیں، طلباء کی اتنی بڑی تعداد دیکھ کر یہ بات قطعی غلط نہیں ہوگی کہ آج بھی کتب بینی کا ذوق وشوق معاشرے کا پسندیدہ مشغلہ ہے، کتب میلے کا انعقاد جمعیت کی شاندار روایت ہے جو کہ اندھیروں میں اجالوں کا پیغام ہے۔

(جاری ہے)

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ کراچی میں جمعیت کے زیر اہتمام جامعہ کراچی کے جمنازیم ہال میں منعقدہ سہہ روزہ کتب میلے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کتب میلے میں بڑی تعداد میں طلبہ نے شرکت کر کے علم دوستی کا ثبوت دیا اورسب نے نہ صرف اس میلے کو سراہا بلکہ انتظامیہ کی محنت کو بھی سراہا۔ اس موقع پرمشیر امور طلبہ جامعہ کراچی ڈاکٹر سید عاصم علی نے کہا کہ جو قومیں کتابوں سے دوستی نہیں کرتیں وہ ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ جاتی ہیں، نوجوانوں میں مطالعے کے کلچر کو فروغ دینے کے لئے کتب میلوں کا انعقاد اہم کردار ادا کرتا ہے۔

متعلقہ عنوان :