فیصل آباد ڈویژن سمیت پنجاب بھر میں 6روزہ ہفتہ صحت پیر کے روز سے شروع ہو گیا

پیر 19 فروری 2018 17:35

فیصل آباد۔19 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 فروری2018ء) فیصل آباد ڈویژن سمیت پنجاب بھر میں 6روزہ ہفتہ صحت پیر کے روز سے بھر پور طریقے سے شروع ہو گیا ہے ، 24فروری تک جاری رہنے والے اس ہفتہ کے دوران ہیپا ٹائٹس بی و سی ،ٹی بی ٹیسٹ اور حاملہ خواتین کا طبی معائنہ کیا جائے گا نیز خواتین کو حفاظتی ٹیکے بھی مفت لگائے جائیں گے جس کیلئے تمام اقدامات مکمل کر لئے گئے ہیں ، مئوثر تشہیری مہم کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین کو اس ہفتہ سے استفادہ کرنے کی ترغیب دی جا سکے۔

دوسری جانب الائیڈ ہسپتال فیصل آباد کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر خرم الطاف نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات پر دیگر ہسپتالوں کی طرح الائیڈ ہسپتال فیصل آباد میں بھی چھ روزہ ہفتہ صحت 19 سے 24 فروری تک منایا جا رہا ہے جس میں روزانہ ایک ہزار سے زائد ہیپاٹائٹس بی سی ‘ ٹی بی کے ٹیسٹ اور حاملہ خواتین کا طبی معائنہ کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ہفتہ صحت کے دوران مریضوں کے چیک اپ کیلئے 10 خصوصی ڈیسک قائم کئے گئے اور ہسپتال کے مجموعی طور پر 75 ڈاکٹرز و پیرا میڈیکل سٹاف کو ڈیوٹیاں تفویض کردی گئی ہیں جبکہ ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ میاں فہیم یوسف کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ ڈیسک نمبر ون پر مریضوں کی معلومات اور رہنمائی کیلئے ہسپتال کا عملہ موجود ہے جبکہ دوسرے ڈیسک پر ٹوکن ‘ تیسرے کائونٹرز پر مریضوں کا کمپیوٹرائزڈ اندراج ‘ چوتھے ڈیسک پر مریضوں کے بلڈ پریشر ‘ وزن ‘ قد اور بخار چیک کرنے کیلئے سٹاف کی موجودگی کو یقینی بنایا گیا ہے اسی طرح پانچواں ڈیسک مریضوں کے فری شوگر ‘ ہیپاٹائٹس بی اور سی کے ٹیسٹ کیلئے مختص کیا گیا ہے ۔

انہوں نے بتایاکہ چھٹے کائونٹر پر حفاظتی ٹیکے اور حاملہ خواتین کا چیک اپ ‘ ساتویں کائونٹر پر ڈاکٹر مریضوں کا طبی معائنہ اور مفت مشورے د ے رہے ہیں ۔ انہوںنے بتایاکہ اسی طرح آٹھواں کائونٹر مریضوں کے ٹی بی ٹیسٹ کیلئے ‘ نویں ڈیسک پر 15 سے 45 سال تک خواتین اورحاملہ خواتین کا معائنہ اور الٹرا سائونڈ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دسویں ڈیسک پر پیٹ کے کیڑے ختم کرنے اور فولک ایسڈ و فولاد کی ادویات مفت فراہم کی جا رہی ہیں ۔انہوںنے حاملہ خواتین سے اپیل کی کہ وہ بھر پور انداز سے اس سہولت سے استفادہ کریں۔

متعلقہ عنوان :