کراچی یوتھ فیسٹیول میں تقریری مقابلے، شارٹ فلم اور اسکریننگ کے مقابلوں میں 800 سے زائد طلبہ وطالبات نے حصہ لیا

جمعرات 22 فروری 2018 20:57

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2018ء) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں جاری کراچی یوتھ فیسٹیول میں تقریری مقابلے، شارٹ فلم اور اسکریننگ کے مقابلوں میں منتخب ہونے والے تقریباً 800 سے زائد طلبہ وطالبات نے حصہ لیا اور اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ ان مقابلوں میں جیتنے والے نوجوانوں کے ناموں کا اعلان 24 فروری کی شام اختتامی تقریب میں ہو گا جبکہ ڈانس اور شارٹ فلم کی ورکشاپ کا اہتمام بھی کیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ججز نے کہاکہ آرٹس کونسل نے کراچی کے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے لئے ایک بہترین پلیٹ فارم مہیا کیا ہے، عام طور پر کالجز اور یونیورسٹیوں میں ’’ہفتہ طلبہ‘‘ منعقد ہوتے ہیں ان میں مخصوص لوگوں کو اپنی صلاحیتو ں کا مظاہرہ کرنے کا موقع ملتا ہے جبکہ آرٹس کونسل میں ہزاروں افراد طلبہ و طالبات کو مختلف مقابلوں میں مواقع دیئے جا رہے ہیں اس سے ان کو اپنی صلاحیتوں کا کھل کر اظہار کرنے کا موقع مل رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اس میں کراچی بھر سے بچے شریک ہیں جس سے ان کو ایک دوسرے کے خیالات جاننے اور سمجھنے کا موقع ملتا ہے، آرٹس کونسل کی یہ اچھی کوشش ہے اس طرح کے مقابلے ہر ماہ منعقد کئے جائیں تو زیادہ تعداد میں نوجوان حصہ لے سکیں گے۔ اس موقع پر کراچی کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے نوجوانوں نے کہاکہ آرٹس کونسل میں یہ بہت اچھا سلسلہ رہا ہے اس سے ایک جانب مختلف مقابلوں میں حصہ لینے کا موقع مل رہا ہے تو دوسری جانب مختلف مذاہب اور رنگ و نسل کے نوجوانوں سے بات چیت ہورہی ہے جس سے ہمیں دوسروں کو جاننے اور سمجھنے کا موقع مل رہا ہے، ہم آرٹس کونسل کراچی کی انتظامیہ کے شکر گزار ہیں جنہوں نے کراچی یوتھ فیسٹیول کا انعقاد کیا۔

متعلقہ عنوان :