قومی ہیرو منصور احمد سرکاری اسپتال میں زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا

اتوار 25 فروری 2018 17:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 فروری2018ء)پاکستان کے قومی کھیل ہاکی کے سپر اسٹار اولمپیئن اور سابق گول کیپر منصور احمد امراضِ قلب میں مبتلا ہونے کے باعث جناح اسپتال کراچی میں زندگی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق 1994 کے ہاکی ورلڈ کپ فائنل میں پینلٹی اسٹروک پر گول روک کر ہاکی ورلڈ کپ میں پاکستان کو فتح سے ہمکنار کرانے والے قومی ہیرو منصور احمد کو دل کا دورہ پڑا جس کے بعد وہ جناح اسپتال میں زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔

منصور احمد کو کچھ عرصے سے دل کا عارضہ لاحق ہے لیکن آج انہیں دل میں شدید درد اٹھا جس کے باعث انہیں فوری طور پر جناح اسپتال کے ادارہ امراض قلب میں داخل کرایا گیا جہاں انہیں انتہائی نگہداشت میں رکھا گیا ہے۔خیال رہے کہ اس سے قبل منصور احمد کا سال 2016 جون میں امراضِ قلب کا آپریشن ہوا تھا جس دوران انہیں مالی مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑے تھا تاہم وہ عارضی طور پر صحت یاب ہوگئے تھے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ انہوں نے 1986 سے 2000 تک قومی ہاکی ٹیم میں بحیثیت گول کیپر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، اس دوران منصوراحمد نے 338 عالمی میچز کھیلے۔علاوہ ازیں وہ ماضی میں ایشیا کے نمبر ون گول کیپر بھی رہے ہیں، اولمپکس کھیلتے ہوئے انہوں نے متعدد سلور اور گولڈ میڈل بھی اپنے نام کئے۔واضح رہے کہ گول کیپر منصور احمد نے آسٹریلیا میں 1994 کے ہاکی ورلڈ کپ کے فائنل میں ہالینڈ کے خلاف پینلٹی اسٹروک پر گول روک کر قومی ٹیم کو چوتھی بار عالمی چمپیئن بنایا تھا۔