درختوں کی حفاظت ہم سب کی ناصرف ذمہ داری ہے بلکہ ان کا خیال رکھنافرض بھی ہے ، صوبائی وزیر پرنس احمد علی

پیر 26 فروری 2018 20:56

کوئٹہ۔26 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 فروری2018ء)سر دار بہادر خان وومن یونیورسٹی میںشجر کاری مہم کی افتتاحی تقریب سے صوبائی وزیر ماحولیات پرنس احمد علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ درختوں کی حفاظت ہم سب کی ناصرف ذمہ داری ہے بلکہ ان کا خیال رکھنافرض بھی ہے کیونکہ درخت زندگی ہے اسی سے ہی ہمیں آکسیجن ملتی ہے اور انہی کی دولت اللہ تعالیٰ اپنی رحمت برساتا ہے اس لئے ہم جتنے بھی درخت کاشت کریںگے یہ ناصرف نیک شگون ہوگا بلکہ ایک صدقہ جاریہ بھی ہے تو لہٰذا یہ وقت کی ضرورت ہے کہ ہم زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں ناصرف ان درختوں کولگائیں بلکہ ان کی حفاظت بھی کریں۔

صوبائی وزیر نے مزید بات کرتے ہوئے کہا کہ آج بد قسمتی سے درخت لگانا جہاں بالکل کم ہوگیا ہے اور جوہمارے بچے کھچے جنگلات ہیں ان کو بھی کاٹا جارہا ہے جوکہ یہ ایک خوش آئندبات نہیں ہے اور اس سے بہت زیادہ مسئلے مسائل بھی بڑھ رہے ہیں اس کی وجہ سے ناصرف پولیوشن بڑھ رہا ہے بلکہ اب پہلے کی نسبت بارشیں بھی بہت کم ہونے لگی ہیں۔

(جاری ہے)

جس کی سب سے بڑی وجہ کاشت کاری میں کمی ہے اور جب بارشیں نہیں ہونگی تو اس کی وجہ سے پانی کا لیول بھی کافی نیچے چلا جائے گا جس سے خشک سالی کے متوقع امکانات ہیں اگر ہم چاہتے ہیںکہ ہماری آنے والی نسلیں بچ جائیں اور ہم ان کو ایک بہتر مستقبل دے سکیں تو اسکے لئے ہمیں زیادہ سے زیادہ درخت لگانے ہونگے صوبائی وزیرنے سردار بہادر خان وومن یونیورسٹی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ یہ عظیم درسگاہ ناصرف تعلیمی میدان میں اپنی خدمات سرانجام دے رہا ہے بلکہ زندگی کے ہر شعبے میں اس یونیورسٹی نے اپنا ایک منفرد نام بنایاہے آج یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رخسانہ جبیں کی سرپرستی میں شجر کاری مہم کا آغازکرکے یہ ثابت کیا ہے کہ یونیورسٹی ایک بہتر مستقبل کی طرف گامزن ہے صوبائی وزیر نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رخسانہ جبیں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس صوبے کے لئے وہ ایک اثاثے سے کم نہیں اور آپ محنت اور لگن سے کام کررہی ہیں۔

یونیورسٹی آکر واقعی انداز ہوگیا ہے کہ یہاں پر کتنا کام ہوا ہے اور کتنے جنون کے ساتھ آپ لوگ آگے بڑھ رہے ہیں اور اس بات پر دلی خوشی اور سکون ملتاہے کہ ہمارے صوبے میں آپ جیسے باصلاحیت لوگ موجود ہیں جوہزاروں طالبات کو تعلیم دے کر اس صوبے کی خدمت کے لئے پیش ہونگے۔ اور اس بات میں کوئی شک نہیں کہ ہمارا مستقبل نہایت روشن ہے۔ صوبائی وزیر پرنس احمد علی نے پروفیسر ڈاکٹر رخسانہ جبیں کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انشاء اللہ محکمہ ماحولیات یونیورسٹی کے ساتھ بہت جلد ایک معاہدے پر دستخط بھی کرے گا جس میںیونیورسٹی میں باقاعدہ طورپر ایک لیب بنایا جائے گا جو ماحول کی بہتری اور آگاہی کاکام کرے گا۔

اور یونیورسٹی کی طالبات تحقیق کرکے مختلف مسائل کے حل سے متعلق تجویز کریں گی جس پر حکومت بلوچستان سردار بہادر خان وومن یونیورسٹی کے ساتھ مل کر کام کریگی آخر میں یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رخسانہ جبیں نے صوبائی وزیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایک سرسبزبلوچستان وپاکستان ہی خوشحالی اور ترقی کا ضامن ہوسکتا ہے اس لئے وہ سمجھتی ہیں کہ سب کی ذمہ داری ہے کہ اس ملک اور صوبے کو سرسبز بنادیں کیونکہ یہ ہمارے آنے والی نسلوں کوبچانے کی بات ہے اس لئے انہوں طے کر رکھا ہے کہ اس سال یونیورسٹی کا ماحولیاتی کلب پورے شہر میں گھر گھر 10ہزار کے قریب درخت لگائے گا۔