ڈینگی مچھر کی افزائش صرف صاف نہیں بلکہ ہر طرح کے گدلے اور آلودہ پانی میں بھی ہو سکتی ہے ، ماہرین

منگل 27 فروری 2018 13:46

فیصل آباد۔27 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2018ء) جامعہ ز رعیہ فیصل آباد کے ماہرین زرعی حشریات نے کہاہے کہ ڈینگی مچھر کی افزائش صرف صاف پانی میں نہیں بلکہ ہر طرح کے گدلے اور آلودہ پانی میں بھی ہو سکتی ہے حتی کہ مچھر کی اس قسم میں گیلی جگہ پر انڈے دینے کی بھی بھر پور صلاحیت موجود ہے یہی وجہ ہے کہ موزوں موسم میں اس کے انڈوں سے لاروے اور مچھر کی آبادی میں اضافے کے باعث نقصانات کا شدید امکان موجود رہتا ہے۔

انہوںنے بتایاکہ 6 سے 8 دنوں کے دوران کسی بھی جگہ پر جمع پانی میں ڈینگی مچھر اپنے انڈے دینے کی اہلیت رکھتا ہے اور یہ مچھر صبح اور شام کے وقت کاٹنے کیلئے متحرک ہوتا ہے تاہم کمرے کے اندر روشنی بند ہوتے ہی یہ کاٹنے کیلئے مصروف ہو جاتا ہے اس لئے اس کے خاتمے کیلئے کمروں میں سپرے کرنا انتہائی ضروری ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نئی نسل ڈینگی کے خلاف جہاد میں صف اول کا کر دار ادا کر سکتی ہے۔

انہوںنے کہاکہ سکول کے بچے اپنے والدین اور محلے کے دیگر افراد کو ڈینگی کے بارے میں خصوصی پیغام پہنچائیں تاکہ ہم کمیونٹی کی سطح پر اس کے خلاف متحرک ہو سکیں ۔انہوںنے کہاکہ وہ نہ صرف ڈینگی کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کیلئے خصوصی لیکچرز منعقد کروانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں بلکہ عوام الناس بالخصوص طلبا و طالبات کی استعداد کار میں اضافے کیلئے بھی کاوشیں بروئے کار لائی جارہی ہیں۔ انہوںنے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں کے ساتھ ساتھ قرب وجوار کے علاقوں بھی صاف ستھرا رکھنے کی کوشش کریں تاکہ بعد ازاںانہیں کسی پریشانی کاسامنا نہ کرناپڑے۔

متعلقہ عنوان :